اندرا اماں ٹاورس میں غریبوں کو 50 تا 60 لاکھ کے مفت رجسٹرڈ مکانات

   

پہلی بار سرکاری ہاؤزنگ پراجیکٹ کا ٹی جی ریرا میں اندراج، ایک سال میں تکمیل کا عزم : پی سرینواس ریڈی

حیدرآباد 24 نومبر ( سیاست نیوز ) وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے اعلان کیا کہ گریٹر حیدرآباد میں غریبوں کو مکانات فراہم کرنے تعمیر کیے جا رہے اندرا اماں ٹاورس کے ذریعہ ہر مستفید کو تقریباً 50 سے 60 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد فراہم کی جائے گی اور اس کی رجسٹریشن بھی مکمل مفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کیلئے اپنے ذاتی مکان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اسی تناظر میں تلنگانہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کے ساتھ اندرا اماں ٹاورس کی رجسٹریشن کی تکمیل نہایت اہم اور تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ریرا کے ساتھ کسی سرکاری ہاؤزنگ پراجیکٹ کا رجسٹریشن عوامی حکومت کے اخلاص اور شفافیت کا واضح ثبوت ہے۔پی سرینواس ریڈی نے واضح کیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت مستحقین کے انتخاب سے مکانات کی حوالگی تک ہر مرحلہ پر شفافیت اور جوابدہی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ سنگ بنیاد رکھنے کے اندرون ایک سال اندر اماں ٹاورس کی تعمیر مکمل کر کے مکانات حقیقی مستحقین کے حوالے کر دیے جائیں گے۔وزیر ہاؤزنگ نے بتایا کہ ریرا میں اندراج کی وجہ سے مستفیدین کو یہ قانونی سہولت و اختیار حاصل ہوگا کہ اگر تعمیر میں کسی قسم کی تاخیر ہو یا قواعد کی خلاف ورزی کی جائے تو وہ راست ریرا میں شکایت درج کرا سکیں گے۔ شکایت ملنے پر متعلقہ بلڈرس کو نوٹس جاری کیے جائیں گے اور تسلی بخش وضاحت پیش نہ کرنے پر ان پر جرمانہ عائد کیا جا سکے گا ۔ 2