بیسمنٹ کی تعمیر تک ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد ، اتوار کی شام تک 1,265 مکانات کی آن لائن میں اپ ڈیٹ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : حکومت کی باوقار تصور کی جانے والی اندرا اماں ہاوزنگ اسکیم میں پیشرفت ہوئی ہے ۔ حکومت نے مستحقین کو فراہم کی جانے والی مالی امداد کے پہلے مرحلے کے لیے ضروری فنڈز کو تیار رکھا ہے جن کے مکانات پہلے مرحلے میں منظور کئے گئے تھے اور بیسمنٹ تک تعمیر کئے گئے ہیں ۔ انہیں مالی امداد فراہم کرنے کے لیے اسٹیٹ ہاوزنگ کارپوریشن نے ہڈکو سے 3 ہزار کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا ہے ۔ فی الحال یہ رقم HUDCO کے پاس ہیں ۔ بیسمنٹ تک مکانات تعمیر ہونے کی فہرست ہاوزنگ کارپوریشن کو پہونچنے کے بعد ہڈکو سے رقم حاصل کرتے ہوئے مستحقین کے بنک کھاتوں میں جمع کی جائے گی ۔ پہلے مرحلے میں اہل افراد کو ایک لاکھ روپئے تک مالی امداد دی جائے گی ۔ ریاست بھر میں بیسمنٹ تک تعمیر ہونے والے مکانات کا عہدیدار جائزہ لے رہے ہیں ۔ ان تعمیرات کی تصویر اور جیو ٹیا گنگ کرتے ہوئے آن لائن میں اندراج کیے جارہے ہیں ۔ اتوار کی شام تک 1,265 مکانات کی تفصیلات اپ ڈیٹ کی گئی ہے ۔ بیسمنٹ سطح تک بھی مکانات تعمیر نہ کرنے والے چند استفادہ کنندگان کو حکومت نے سیلف ہیلپ گروپس ( ایس ایچ جی ) سے قرض دلوایا ہے ۔ اس سلسلے میں ضلع کھمم کے پالیر میں چند اہل افراد کو بطور قرض ایک لاکھ روپئے ادا کئے گئے ۔ ریاست بھر میں اس طرح کے قرض کی اجرائی کو یقینی بنانے کے لیے ہاوزنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر نے اضلاع کلکٹرس کو سرکولر روانہ کیا ہے ۔ حال ہی میں منعقدہ ایڈیشنل کلکٹرس کے اجلاس میں اس سلسلے میں ہدایت بھی دی ہے ۔ سیلف ہیلپ گروپ کے سی ای او کو بھی قرض کے معاملے میں تعاون کرنے کا مکتوب روانہ کیا گیا ۔ بیسمنٹ کی تکمیل کے بعد مالی امداد استفاہ کنندگان کی منظوری سے سیلف ہیلپ گروپ کو دوبارہ ادا کردینے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ پردھان منتری آواس یوجنا ( پی ایم اے وائی ) کے ریاست کو مکانات منظور کرنے کے معاملے میں جو بھی خلا پیدا ہوا تھا وہ دور ہوجانے کی اطلاعات ہیں۔ مرکز کی جانب سے تیار کردہ ایپ سے سروے کرتے ہوئے اہل افراد کی تفصیلات اکٹھا کرنا تھا مگر ریاستی حکومت نے اپنی جانب سے تیار کردہ ایپ سے تفصیلات اکٹھا کیا تھا ۔ جس پر مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو مکانات منظور کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ ریاستی حکومت کی مرکز سے مسلسل مشاورت کے بعد ، تمام تفصیلات روانہ کرنے کی مرکز نے ریاست کو ہدایت دی ہے ۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو 1.13 لاکھ مکانات کی منظوری دی ہے ۔ رورل اسکیم کے تحت ایک مکان کی تعمیر کے لیے 72 ہزار اربن اسکیم کے تحت 1.5 لاکھ روپئے مرکزی حکومت ریاست کو مالی امداد جاری کرتی ہے ۔۔ 2