اندرون ہفتہ 200 یونٹ مفت برقی اور 500 روپے گیاس سلینڈر اسکیم پر عمل آوری

,

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں کوڑنگل میں 4 ہزار 269 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد، لوک سبھا الیکشن کی مہم کا عملاً آغاز

حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اپنے حلقہ انتخاب کوڑنگل میں 4ہزار369 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے تلنگانہ میں پارلیمانی انتخابات کا عملی طور پر بگل بجا دیا۔ تقریب سے خطاب کے دوران حلقہ پارلیمان محبوب نگر سے کانگریس قائد ومشی چندریڈی کی امیدواری کا اعلان کیا اور کہا کہ انہیں 50ہزار کی اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت لوک سبھا انتخابات کے بعد 5ہزار کروڑ کے مزید ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت اندرون ایک ہفتہ 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر اور 200 یونٹ مفت برقی کے منصوبہ پر عمل آوری کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کانگریس قائدین و کارکنوں سے کہا کہ وہ اسمبلی انتخابات کے بعد ملنے والے وقفہ سے باہر نکلیں اور تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں میں 14 حلقوں پر کامیابی کیلئے ابھی سے مصروف ہوجائیں۔ انہو ں نے جلسہ عام سے خطاب کے دوران بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ اور بی جے پی قائدین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ضلع محبوب نگر کو بی آر ایس کے دور اقتدار میں کوئی فائدہ نہیں پہنچایا گیا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ کے سی آر نے اپنے دور حکومت میں پالمور میں ایک ایکڑ اراضی کو یک سیر آب نہیں کیا ۔ انہو ںنے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی قائدین سے استفسار کیا کہ وہ پالمور۔ رنگاریڈی لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کے معاملہ میں کیوں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں! 2014 میں نریندر مودی نے اس پراجکٹ کو قومی درجہ دینے کا اعلان کیا تھا لیکن اس پراجکٹ کیلئے مرکز سے اب تک کوئی فنڈس جاری نہیں کئے گئے حالانکہ تلنگانہ میں بی جے پی کے 4 ارکان پارلیمان موجود ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس دونوں ہی جماعتوں کو محبوب نگر میں عوام سے ووٹ مانگنے کا حق حاصل نہیں ہے اور دونوں ہی سیاسی جماعتو ںنے محبوب نگر کے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت رعیتو بندھو اسکیم پر 15مارچ سے عمل آوری کرے گی۔ حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے عوام نے بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے انہیں چیف منسٹر کے عہدہ پر پہنچایا ہے۔ ریونت ریڈی نے قبل ازیں اپنے حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں نارائن
پیٹ ۔ کوڑنگل لفٹ ایریگیشن ‘ آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز‘ برجس اور سڑکوں کی تعمیر‘ 5 کروڑ کی لاگت سے قبائیلی بہبود ہاسٹل کی عمارت‘ 25 کروڑ کی لاگت سے اقلیتی اقامتی اسکول کی مستقل عمارت‘ میڈیکل کالج‘ نرسنگ کالج‘ فزیوتھراپی کالج‘ ویمنس ڈگری کالج‘ جونئر کالج کے علوہ سوشل ویلفیر ہاسٹلس کیلئے مستقل عمارتوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد رکھے۔ حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں 4ہزار کروڑ سے زائد کے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں منعقدہ تقاریب میں ریاستی حکومت کے بیشتر وزراء بالخصوص کیپٹن اتم کمار ریڈی ‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ ٹی ناگیشور راؤ‘ ڈی سریدھر بابو کے علاوہ اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضلع محبوب نگر کی مثالی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے تلنگانہ کی مجموعی ترقی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں ان میں محبوب نگر سے حیدرآباد کو جوڑنے والی سڑکوں کی ترقی بھی شامل ہے۔ 3