اندیشوں کے پیش نظر سرینگر میں امتناعی احکام

   

سرینگر ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سرینگر کے کچھ حصوں میں حکام کی جانب سے آج احتیاطی اقدام کے طور پر امتناعی احکام نافذ کردئے گئے ۔ یہ اندیشے تھے کہ جماعت اسلامی جموںو کشمیر پر مرکز کی جانب پانچ سال کیلئے امتناع کے پیش نظر لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ پانچ پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں امتناعی احکام نافذ کئے گئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اندیشے تھے کہ کچھ ناخوشگوار واقعات پیش آسکتے ہیں ان کے پیش نظر احتیاطی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا تھا ۔ مرکزی حکومت نے جمعرات کو ہی جماعت اسلامی جموںو کشمیر پر پانچ سال کیلئے انسداد دہشت گردی قانون کے تحت امتناع عائد کردیا تھا ۔ مرکز کا ادعا تھا کہ جماعت اسلامی تنظیم دہشت گرد تنظیموں سے روابط رکھتی ہے اور وہ علیحدگی پسند احتجاج کو مزید وسعت دے سکتی ہے ۔