انسانی ہمدردی کا ایک اور واقعہ

,

   

:: ::
جسنڈا آرڈن نے سوپر مارکٹ میں ایک خاتون کا بِل ادا کیا

ویلنگٹن ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نیوزی لینڈ جسنڈا آرڈن نے ایک سوپرمارکٹ میں خریداری کرنے والی ایک خاتون کا بِل ادا کیا۔ وہ وہاں کرانہ کا سامان خریدنے آئی تھی اور اس کے ساتھ دو بچے بھی تھے۔ خاتون کو جب یہ محسوس ہوا کہ وہ اپنا پرس اپنے گھر پر ہی بھول آئی ہے تو بیحد شرمندہ ہوئی۔ اس وقت خاتون کے پیچھے وزیراعظم جسنڈا آرڈن بھی اپنا بِل ادا کرنے کھڑی ہوئی تھیں تاہم انہوں نے نہ صرف اپنا بلکہ اس خاتون کا بل بھی ادا کردیا۔ میڈیا نے جب ان سے خاتون کا بل ادا کرنے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے مسکرا کر صرف اتنا کہا کہ ’’میں نے بل اس لئے ادا کیا کہ وہ ایک ماں تھی‘‘۔ یاد رہیکہ گذشتہ سال جون میں جسنڈا آرڈرن نے بھی ایک بچی کو جنم دیا تھا اور اس طرح وہ دنیا کی ایسی دوسری وزیراعظم بن گئی تھیں جنہوں نے عہدہ پر رہتے ہوئے بچہ ؍ بچی کو جنم دیا اور بعدازاں موصوفہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی اسمبلی میں بھی اپنی بچی کو ساتھ لیکر آئی تھیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ 15 مارچ کو جس وقت کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر دہشت گردانہ حملے ہوئے تھے اور 50 مسلمان شہید ہوئے تھے تو وزیراعظم نے شہیدوں کے ارکان خاندان سے اس طرح اظہارہمدردی اور تعزیت کیا کہ جیسا اس سے قبل کسی بھی ملک کے قائد نے نہیں کیا۔ ان کے اس اقدام سے دنیا بھر میں ان کی تعریفیں کی گئیں۔ انہوں نے غمزدہ لواحقین کو پرسہ دیتے وقت ’’حجاب‘‘ بھی پہن رکھا تھا۔ یہی نہیں 22 مارچ کو انہوں نے ملک کے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو سے نہ صرف اذان بلکہ خطبۂ جمعہ اور نماز جمعہ کا راست ٹیلی کاسٹ بھی کروایا تھا۔