انسپکٹر کو دھمکی دینے والے نوجوان کے خلاف مقدمہ

   

حیدرآباد : مغل پورہ انسپکٹر روی کمار کو فون پر مبینہ دھمکی دینے والے نوجوان کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق /2 جون کو انسپکٹر کو واٹس ایپ پر فون کال آیا اور فون کرنے والے نے خود کی شناخت آصف بتائی اور پولیس کی جانب سے برقعہ پوش خاتون کے ہمراہ گھومنے والے پپو کمار کو زدوکوب کرنے والے مسلم نوجوانوں کی گرفتاری پر اعتراض کیا ۔ انسپکٹر روی کمار نے اپنے ہی پولیس اسٹیشن میں شکایت میں بتایا کہ انہیں آصف نے فون پر یہ دھمکی دی کہ وہ اپو کمار کے کیس میں مسلمانوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں اور آر ایس ایس کی ذہنیت رکھتے ہیں ۔ آصف نے فون پر انسپکٹر کو دھمکی دی کہ وہ ان کی وردی اتروادے گا ۔ نوجوان پر انسپکٹر کو ڈیوٹی سے روکنے اور مذہبی منافرت پیدا کرنے کی کوشش کرنے کا الزام ہے ۔ مغل پورہ ڈیٹکٹیو انسپکٹر رنجیت کمار گوڑ نے آصف کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 153A اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ واضح رہے کہ مغل پورہ پولیس نے دو دن قبل مسلم لڑکی کے ہمراہ گھومنے والے اپو کمار کو زدوکوب کرنے کے الزام میں محمد غوث اور محمد شریف کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا ۔ آصف کی دھمکی کے خلاف تلنگانہ پولیس اسوسی ایشن نے بھی اس کی مذمت کی اور نوجوان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ آصف کی رین بازار پولیس اسٹیشن میں روڈی شیٹ ہے ۔