بی جے پی پر تاریخ مسخ کرنے کا الزام، ملو روی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے اسمبلی میں چیف منسٹر کی جانب سے انضمام حیدرآباد سے متعلق دیئے گئے بیان کی مذمت کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ کے سی آر حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام کی تاریخ کو بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جن قائدین نے انضمام کے حق میں مسلح جدوجہد کی ، ان کی قربانیوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے ۔ ملو روی نے کہا کہ 17 ستمبر کو کسی ایک مذہب سے جوڑا نہیں جاسکتا کیونکہ حیدرآباد اسٹیٹ کے انضمام کے لئے تمام مذاہب میں متحدہ طور پر جدوجہد کی تھی۔ کانگریس اور کمیونسٹ جماعتوں میں مسلح جدوجہد میں اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی جس کا کوئی وجود نہیں تھا ، آج انضمام حیدرآباد کی نئی تاریخ رقم کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت جواہرلال نہر و کی ہدایت پر اس وقت کے وزیر داخلہ سردار پٹیل نے کارروائی کی تھی ۔ ملو روی نے کہا کہ نصابی کتابوں میں 17 ستمبر کی مسلح جدوجہد اور مشتمل اسباق شامل کئے جائیں تاکہ نئی نسل تاریخ سے واقف ہو۔