انقلابی صحافی شعیب اللہ خاں کے یادگاری پوسٹل کور کی اجرائی

   

امیت شاہ اور کشن ریڈی نے خراج پیش کیا
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پوسٹل ڈپارٹمنٹ نے حیدرآباد اسٹیٹ کی آزادی کی جدوجہد کے مجاہدین شعیب اللہ خاں اور رام جی گوند پر تیار کردہ خصوصی پوسٹل کور جاری کیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے خصوصی پوسٹل کورس کی رسم اجراء انجام دی۔ پریڈ گراؤنڈ پر منعقدہ تقریب میں رسم اجراء کے بعد امیت شاہ نے کہا کہ نظام اسٹیٹ کو انڈین یونین میں شامل کرنے کیلئے کئی مجاہدین آزادی نے قربانیاں دی ہیں۔ انقلابی صحافی شعیب اللہ خاں کو نظام حکومت کے مبینہ رضاکاروں کی جانب سے قتل کردیا گیا کیونکہ وہ حکومت کے خلاف اپنی تحریروں کے ذریعہ عوام کو باشعور بنارہے تھے۔ رام جی گوند کو برٹش آرمی نے ہلاک کیا۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے مجاہدین آزادی کے یادگاری پوسٹل کورس کی اجرائی کی ستائش کی۔ پوسٹل کورس کے ساتھ ساتھ شعیب اللہ خاں کی زندگی پر مبنی تصاویر کے تفصیلی بروچر کو جاری کیا گیا۔ شعیب اللہ خاں حیدرآباد لبریشن کے آخری شہید کے طور پر شمار کئے جاتے ہیں۔ وہ ایک بے باک صحافی تھے اور اپنے اخبار امروز کے ذریعہ آواز اٹھائی تھی۔ مسلسل دھمکیوں کے باوجود انہوں نے اپنی جدوجہد جاری رکھی جس پر انہیں نشانہ بنایا گیا۔ پوسٹل کور کی قیمت 20روپئے بغیر منسوخی مقرر کی گئی جبکہ منسوخی کے ساتھ اس کی قیمت 25 روپئے رہے گی۔ یہ اسپیشل کور حیدرآباد جی پی او کے علاوہ ریاست کے تمام ہیڈ پوسٹ آفسوں میں دستیاب رہیں گے۔ تلنگانہ سرکل کے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل کے پرکاش، پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد ریجن ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی، پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد ہیڈکوارٹر شریمتی ٹی ایم سری لتا، ڈائرکٹر پوسٹل سرویسس کے اے دیوراج اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔