انل دیش مکھ اور نواب ملک کی عرضی خارج، راجیہ سبھا انتخابات میں نہیں ڈال سکیں گے ووٹ

   

ممبئی: عدالت نے مہاراشٹرا کے سابق وزیر داخلہ انل دیش مکھ اور ریاست کے کابینی وزیر نواب ملک کی راجیہ سبھا انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی درخواست کو مسترد کر دیا جس کے بعد انل دیش مکھ کے وکیل نے جلد از جلد عدالت کے حکم کی کاپی مانگی ہے تاکہ وہ ہائی کورٹ میں اپیل کر سکیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ راجیہ سبھا انتخابات سے پہلے یہ فیصلہ بہت اہم ہو گیا ہے۔ کیونکہ مذکورہ الیکشن میں ایک ایک ووٹ شمار ہوتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مہاراشٹر حکومت کے ایک وزیر نواب ملک منی لانڈرنگ کیس میں فروری میں سینٹرل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ گرفتاری کے بعد سے جیل میں ہیں۔ ریاست کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ بھی منی لانڈرنگ کے الزام میں جیل میں ہیں۔ دونوں نے جمعہ کو راجیہ سبھا انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے ایک دن کی ضمانت کے لیے خصوصی عدالت سے رجوع کیا ہے۔ نواب ملک نے عدالت کو بتایا کہ وہ ایک منتخب ایم ایل اے ہیں اور راجیہ سبھا کے لیے نمائندہ منتخب کرنے میں اپنے حلقہ کے باشندوں کی نمائندگی کرنے کے پابند ہیں۔