سری نگر، جنوبی کشمیر کے ضلع اننت میں بجبہاڑہ کے کنڈی پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم میں جمعرات کو جیش محمد نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ 2 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ایس ایس پی اننت ناگ سندیپ چودھری نے جائے موقع پر میڈیا کو بتایا کہ تصادم کے دوران جیش محمد سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجوؤں کی شناخت اور ان کی تحویل سے بر آمد ہتھیاروں کے بارے میں معلوم کیا جا رہا ہے جس کو بعد میں میڈیا کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا: ‘جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر ہم نے فوج کے 3 آر آر اور سی آر پی ایف کی ایک ٹیم کے ساتھ علاقے کا مشترکہ آپریشن کیا جو رات بھر جاری رہا اور آج صبح بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس میں جیش محمد سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے اور تلاشی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں’۔قبل ازیں کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر جمعرات کی صبح ایک ٹویٹ میں اس آپریشن کے متعلق جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘انت ناگ انکوائنٹر اپ ڈیٹ: ایک اورعدم شناخت جنگجو ہلاک، مہلوکین کی کل تعداد 2، آپریشن جاری’۔بتادیں کہ سرکاری ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے بجبہاڑہ کے کنڈی پورہ گاؤں کو چہارشنبہ کے روز محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا تھا۔