انٹرنیٹ کے استعمال میں ہندوستان کو دنیا بھر میں دوسرا مقام

   

751 ملین انٹرنیٹ یوزرس ، چین 1099 ملین اور امریکہ 331 ملین یوزرس کے ساتھ پہلے اور تیسرے نمبر پر
حیدرآباد ۔5 ۔ مارچ (سیاست نیوز) انفارمیشن ٹکنالوجی کے اس دور میں ہندوستان بھی ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ پیش قدمی کر رہا ہے ۔ عصری ٹکنالوجی اور انٹرنیٹ کے استعمال میں ہندوستان کو دنیا بھر میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ ہندوستان میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال میں اضافہ کے سبب سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس کی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ تعلیمی اداروں میں انفارمیشن ٹکنالوجی اور خاص طور پر آرٹیفشل انٹلیجنس کو متعارف کرنے کے بعد سے نوجوان نسل میں انٹرنیٹ کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ جہاں تک انٹرنیٹ کے استعمال کا تعلق ہے ، اس معاملہ میں عمر کی کوئی قید نہیں رہی ۔ حالیہ سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ چین انٹرنیٹ استعمال کے معاملہ میں دنیا میں سرفہرست ہے۔ اسمارٹ فونس کے استعمال میں اضافہ ہوا اور موبائیل کمپنیوں کی جانب سے کم شرح پر انٹرنیٹ خدمات فراہم کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں انٹرنیٹ یوزرس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ای کامرس ، تعلیم اور سوشیل میڈیا میں انٹرنیٹ کے استعمال کے نتیجہ میں ہر عمر سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے انٹرنیٹ زندگی کا لازمی جز بن چکا ہے ۔ سروے کے مطابق چین میں انٹرنیٹ یوزرس کی تعداد 1099.7 ملین ہے جبکہ ہندوستان 751.5 ملین انٹرنیٹ یوزرس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ کو 331.1 ملین یوزرس کے ساتھ تیسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ برازیل 187.9 ملین کے ساتھ چوتھے اور انڈونیشیا 185.3 ملین کے ساتھ پانچوں نمبر پر ہے۔ روس میں انٹرنیٹ یوزرس کی تعداد 130.4 درج کی گئی جبکہ پاکستان میں 111 ملین افراد انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ میکسیکو میں 107 ملین ، جاپان 104 ملین جبکہ نائجیریا میں 103 ملین انٹرنیٹ یوزرس ہیں۔ ٹاپ 10 انٹرنیٹ یوزر ممالک کی فہرست میں کئی ترقی یافتہ ممالک شامل نہیں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دنیا بھر میں 12 فیصد سے زائد آبادی انٹرنیٹ کا استعمال کرتی ہے۔ چین میں 21 فیصد آبادی انٹرنیٹ کا استعمال کرتی ہے۔ 2019 میں سروے کے مطابق دنیا بھر میں انٹرنیٹ یوزرس کی تعداد 3.8 بلین درج کی گئی اور ہندوستان میں دنیا بھر میں انٹرنیٹ یوزرس کے 12 فیصد افراد نئی ٹکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں۔ انٹرنیٹ کے استعمال کے معاملہ میں جرمنی ، فلپائن بھی ٹاپ 10 ممالک میں شامل ہیں۔عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ حکومتوں میں بھی عوامی خدمات کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ تفریحی اغراض کے علاوہ کئی اہم شعبہ جات میں نئی ٹکنالوجی اور خاص طور پر آرٹیفشل انٹلیجنس کے استعمال نے عوامی خدمات کو مزید آسان بنادیا ہے۔1