انٹر نتائج میں بے قاعدگیوں پر طلبا کی خود کشی ‘ حکومت کی جانب سے قتل

,

   

۔29 اپریل کو دفتر انٹرمیڈیٹ پر کل جماعتی دھرنا ‘ حکومت پر ارکان اسمبلی کے انحراف کی حوصلہ افزائی کا الزام

گورنر سے کل جماعتی نمائندگی

حیدرآباد ۔ 25۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے کل جماعتی قائدین کے وفد نے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی قیادت میں آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور انٹرمیڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں کی ہائی کورٹ کے برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ گورنر سے ملاقات کرنے والے وفد میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا ، صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام ، سی پی آئی کے اسسٹنٹ سکریٹری پی وینکٹ ریڈی ، سابق فلور لیڈر محمد علی شبیر ، رکن اسمبلی ٹی جگا ریڈی ، رکن اسمبلی روہت ریڈی ، تلگو دیشم قائد ای پیدی ریڈی ، آر چندر شیکھر ریڈی ، پروفیسر پی ایل وشویشور ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹریٹ ممبر این بالا ملیش ، سی ایچ سدھاکر صدر تلنگانہ انٹی پاٹی اور دوسرے شامل تھے۔ گورنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ وفد نے گورنر کو دو علحدہ یادداشتیں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ طلبہ کے مستقبل کا ایک اہم موڑ ہوتا ہے ، ایسے مرحلہ پر نتائج کی اجرائی میں بے قاعدگیوں سے ان کا مستقبل تاریک ہوجائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں بے قاعدگیوں کے نتیجہ میں لاکھوں طلبہ متاثر ہوئے ہیں۔ عوام کا حکومت پر سے اعتماد اٹھ چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی خودکشی نہیں بلکہ یہ حکومت کی جانب سے قتل ہے۔ خانگی کمپنی گلوبرینا کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ امتحان میں شرکت کرنے والے تمام طلبہ کے نشانات کی دوبارہ جانچ کا مطالبہ کیا گیا ہے ، یہ جانچ مفت کی جانی چاہئے۔ حکومت صرف ناکام طلبہ کے نشانات کی دوبارہ جانچ کا فیصلہ کرچکی ہے ۔ کل جماعتی قائدین نے خودکشی کرنے والے طلبہ کے پسماندگان کو فی کس 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادائیگی ، خاطی عہدیداروں کی معطلی اور وزیر تعلیم جگدیش ریڈی کی برطرفی کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ خودکشی جیسا انتہائی اقدام نہ کریں۔ تمام اپوزیشن جماعتیں ان کے ساتھ ہیں اور انصاف دلانے جدوجہد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر غیر جمہوری انداز میں حکومت چلا رہے ہیں۔ پوچارم سرینواس ریڈی جو اسپیکر کے اہم عہدہ پر فائز ہیں، چیف منسٹر نے پتہ نہیں انہیں کیا کہہ دیا کہ وہ حیدرآباد نہیں آرہے ہیں ۔ اپنی جماعتوں سے انحراف کرنے والے ارکان کے خلاف شکایت وصول کرنے بھی وہ تیار نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو مختلف لالچ کے ذریعہ انحراف کیلئے مجبور کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سی ایل پی کو کانگریس میں ضم کرکے مجلس کو اپوزیشن کا عہدہ دینے کی سازش ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گورنر نے نمائندگی پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ دستور کے تحفظ کیلئے راج بھون قائم کیا گیا ہے ، اسی لئے کل جماعتی قائدین گورنر سے نمائندگی کیلئے پہنچے ہیں۔ گورنر سے درخو است کی گئی ہے کہ منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کریں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں دستوری بحران کی صورتحال ہے۔ تلگو دیشم کے صدر ایل رمنا نے کہا کہ طلبہ کی خو دکشی کیلئے چیف منسٹر اور وزیر تعلیم ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے پسماندگان کو ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 29 اپریل کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے روبرو کل جماعتی دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ حکومت اور بورڈ کی لاپر واہی کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ طلبہ کو انصاف دلانے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ سی ایچ سدھاکر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تعلیمی سطح پر بحران افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کے انحراف کے مسئلہ پر گورنر نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ سی پی آئی قائد پی وینکٹ ریڈی نے انٹرمیڈیٹ بورڈ میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے عہدیداروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کی مانگ کی۔