انٹونی بلنکن اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کے دورہ کیلئے پھر تیار

   

واشنگٹن: امریکی اعلیٰ ترین سفارتکار انٹونی بلنکن جمعرات سے پھر مشرق وسطیٰ کے دورہ پر آئیں گے۔ یہ بات امریکی ترجمان دفتر خارجہ میتھیو ملر نے بتائی ہے۔وہ ایک ہفتے بھر کیلئے اسرائیل اور سعودی عرب سمیت خطے کے تمام اہم کھلاڑی ملکوں میں جائیں گے اور خطہ کے مستقبل کے بارے میں مشورے کریں گے۔تاہم ان کے اس دورے کا اہم موضوع غزہ کی جنگ ہوگی اور اس کے اثرات کو غزہ سے باہر نکلنے سے روکنا ان کے ایجنڈہ پر ہے۔ وزیرخارجہ نے اس مقصد کیلئے اس بار ترکیہ اور یونان کے دورہ کو بھی اپنے اسی شیڈول میں رکھا ہے تاکہ اس قضیے سے براہ راست اور بالواسطہ جڑے تمام اہم ملکوں کے ساتھ معاملات کو دیکھ سکیں۔ اسرئیل، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، قطر ، مصر، اردن اور مغربی کنارے میں اہم ملاقاتیں ان کے اس دورہ کا بدرجہ اولیٰ حصہ ہیں کیونکہ ان کے اس دورہ سے پہلے ہی یہ واقعات دیکھنے میں آرہے ہیں کہ غزہ کی جنگ کے اثرات اب مغربی کنارے، لبنان اور بحیرہ احمر پرنمایاں ہونے لگے ہیں۔حماس کے علاوہ دوسری مزاحمتی تحریکیں بھی اس میں کود سکتی ہیں اور یہ جنگ پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے جبکہ امریکہ کا اعلان کردہ موقف ہیکہ جنگ پھیلنی نہیں چاہیے۔