انڈومنٹ اراضی کے تحفظ کیلئے کمشنر انیل کمار سے نمائندگی

   


حیدرآباد۔پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان جی نرنجن نے آج کمشنر انڈومنٹ انیل کمار سے ملاقات کی اور پرانے شہر کے اپو گوڑہ علاقہ میں انڈومنٹ کی قیمتی اراضی کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اراضی کے سلسلہ میں ریکارڈ سے واقف کرایا اور کہا کہ انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں اور گورنمنٹ پلیڈر کی ملی بھگت کے نتیجہ میں ہائی کورٹ میں فیصلہ ناجائز قابض کے حق میں آیا ہے۔ انہوں نے 15 ایکر 20 گنٹے اراضی کے دوبارہ سروے اور باؤنڈری وال کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ گورنمنٹ پلیڈر وجئے پرکاش نے ہائی کورٹ کو گمراہ کرتے ہوئے غلط بیان دیا لہذا ان کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہیئے۔ حکومت ہائی کورٹ کے عبوری احکامات پر حکم التواء حاصل کرنے کیلئے نئے گورنمنٹ پلیڈر کا تقرر کرے۔ انہوں نے غیر مجاز قابضین کے خلاف کریمنل کیس درج کرنے اور مستقل ایکزیکیٹو آفیسر کے تقرر کی اپیل کی۔ انڈومنٹ کمشنر نے اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔