انڈونیشیا ئی شہری کورونا وائرس سے متاثر، تلنگانہ میں پانچواں کیس

,

   

تمام مریض بیرونی ممالک میں متاثر، مقامی طور پر متاثر نہیں ہوا، میڈیکل ٹیم کے موثر انتظامات: ایٹالہ راجندر

حیدرآباد ۔ 17 ۔ مارچ (سیاست نیوز) دنیا بھر میں ہزاروں افراد کی موت اور بیماری کا سبب بننے والی خوفناک کورونا وائرس وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد تلنگانہ میں آج 5 تک پہنچ گئی جب کریم نگر کا سفر کرنے والا انڈونیشیا کا ایک شہری اس وباء سے متاثر پایا گیا ، اس کا معائنہ مثبت بتایا گیا ہے۔یہ شخص کریم نگر میں منعقدہ مذہبی تقریب میں شرکت کیلئے انڈونیشیا کے 10 رکنی گروپ کے ساتھ پہنچا تھا ۔ اس گروپ میں تین ہندوستانی بھی شامل ہیں جنہیں گاندھی ہاسپٹل میں سب سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا ہے کہ یہ شخص 9 مارچ کو گروپ کے ساتھ ہندوستان پہنچا تھا۔ نئی دہلی سے وہ ذریعہ ٹرین حیدرآباد آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’انڈونیشیائی شہری سے قریبی رابطہ میں آنے والے افراد کی شناخت و نشاندہی ایک دشوار عمل ہے، مرکزی وزارت صحت کو ہم اس ضمن میں پہلے ہی مطلع کرچکے ہیں تاکہ وہ دہلی میں ان افراد کا پتہ چلاسکے‘‘۔ وزیر صحت نے کووڈ ۔ 19 وباء سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ قبل ازیں اس وباء سے متاثر چار افراد کا بہتر علاج ہوا ہے اور تمام چار مریضوں کے معائنوںکی رپورٹ منفی آچکی ہے ۔ پہلے کیس کی شناخت ایک 24 سالہ سافٹ ویر انجنیئر کی حیثیت سے کی گئی تھی جو بنگلور میں ملازمت کے دوران دبئی کا سفر کیا تھا۔ دوسرا کیس 24 سالہ لڑکی تھی جو اکثر اٹلی کا سفر کیا کرتی تھی ۔ تیسرا مریض نیدر لینڈ کا سفر کیا تھا اور چوتھا مریض اکثر اسکاٹ لینڈ کا سفر کیا کرتا تھا ۔ ایٹالہ راجندر نے مزید کہا کہ ’’ہماری (میڈیکل) ٹیم ممکنہ حد تک بہترین خدمات انجام دے رہی ہے اور تمام چار مثبت پائے گئے مریضوں کے رابطہ میں آنے والے تقریباً 220 افراد کی موثر نشاندہی کرتے ہوئے ان سب کو احتیاطی طور پر معائنوں کے بعد گھر جانے کی اجازت دی تھی اور چند مریضوں کو الگ تھلگ بھی رکھا گیا تھا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ تمام پانچ افراد بیرونی ممالک میں اس وباء سے متاثر ہوئے اور مقامی طور پر ایک شخص بھی کورونا وائرس سے متاثرنہیں ہوا۔ تاحال 200 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔کورونا وائرس کے تمام زیر علاج متاثرین کو بہترین غذا کے علاوہ وائی فائی اور دیگر سہولتیں پہنچائی جارہی ہیں۔