جکارتہ، 27 جنوری (یو این آئی) انڈونیشیا کے مغربی صوبہ جاوا کے علاقے سیسارُوا میں لینڈ سلائیڈنگ سے 38 افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ لاشوں کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے ۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق قومی ادارہ برائے قدرتی آفات (بی این پی بی) نے بتایا کہ پیر کی شام تک 20 افراد کی شناخت مکمل کرکے لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں، جبکہ باقی 18 لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔ قومی ادارہ برائے قدرتی آفات (بی این پی بی) کے مطابق منگل کی صبح سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا، اس آپریشن میں تقریباً 800 اہلکار اور نو ایکسکیویٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ جس میں اضافی بھاری مشینری شامل کی گئی ہے تاکہ متاثرہ علاقے میں تلاش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکے ۔ انڈونیشیا میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 685 افراد اپنے گھروں سے محروم ہوچکے ہیں، جنہیں دفاتر اور دیگر عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دو راتوں تک ہونے والی شدید بارش کے باعث پیش آیا، جس سے پہاڑی علاقے کی کھڑی ڈھلوانوں میں پانی بھر گیا۔