چوتھے میچ میں سکندر رضا زیرقیادت میزبانوں کا اسکور 152/7 ، شبھ من گل کی ٹیم کو 156/0 پر فتح
ہرارے: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے فوری بعد اسٹار کھلاڑیوں کو آرام دیئے جانے کے پیش نظر ہندوستان کی دوسرے درجہ کی ٹیم نے زمبابوے میں T20 انٹرنیشنل سیریز جیت لی ہے حالانکہ اسے پہلے میچ میں سکندر رضا زیرقیادت میزبانوں نے کم اسکور والے میچ میں ہرا دیا تھا۔ آج شبھ من گل نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم 152/7 اسکور کرپائی جس میں کپتان سکندر نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے۔ اگرچہ اوپنرز ویزلی مادھیویرے (25) اور ٹی مارومانی (32) نے پہلی وکٹ کیلئے 63 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی لیکن اس کے بعد دیگر بیاٹرز نے ردھم کو برقرار نہیں رکھا۔ صرف چوتھے نمبر پر سکندر نے 28 گیندوں میں 46 رنز بنائے۔ اسٹرائیک بولر خلیل احمد نے 2 وکٹ لئے۔ نئے بولر تشار دیشپانڈے، واشنگٹن سندر، ابھیشک شرما اور شیوم دوبے کو ایک، ایک وکٹ ملی۔ جوابی اننگز میں ہندوستانی اوپنرز یشسوی جیسوال اور کپتان گل نے دھواں دھار بیٹنگ کی۔ خاص طور پر مین آف دی میچ جیسوال نے بولروں کو خوب پیٹا۔ انھوں نے 53 گیندوں میں 93 ناٹ آؤٹ اسکور کئے۔ گل 58 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انڈیا نے 15.2 اوورز میں 156/0 کے ساتھ چوتھا میچ جیتا جس کے ساتھ انھیں پانچ میچ کی سیریز میں 3-1 کی ناقابل عبور سبقت مل گئی۔