انڈیا کورونا مرض میں اٹلی ، اسپین سے آگے

,

   

اب صرف امریکہ ، برازیل ، روس اور برطانیہ کے مریضوں کی تعداد ہندوستان سے زیادہ
جملہ 2.43 لاکھ متاثرین، ایک روز میں 9887 کیس ، 294 اموات

نئی دہلی ۔ 6 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ہندوستان نے آج کورونا وائرس کے معاملے میں تیزی سے اٹلی اور پھر اسپین کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ مریضوں کی تعداد کے معاملے میں 5 واں موقف حاصل کیا ۔ جونس ہاپکنس یونیورسٹی کے ڈیٹا کے مطابق لگاتار چوتھے روز انڈیا کے کوویڈ ۔ 19 وبائی کیسوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور جملہ متاثرین 2,43,733 ہوگئے ۔ اندرون 24 گھنٹے ہندوستان نے منفی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اٹلی اور اسپین کو پیچھے چھوڑا ہے ۔ اب صرف امریکہ ، برازیل ، روس اور برطانیہ ہی انڈیا سے آگے ہیں ۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق ملک میں ہفتہ کی صبح تک ایک روز میں 9,887 کیسوں اور 294 اموات کا اضافہ ہوا ۔ ابتدائی ڈیٹا کے مطابق ہندوستانی متاثرین کی مجموعی تعداد 2,36,657 ہوئی اور فوت ہونے والوں کی تعداد 6,642 تک پہونچی ۔ ملک میں لگاتار تیسرے روز زائد از 9000 کورونا کیس درج ہوئے ہیں ۔ کوویڈ کے فعال معاملوں کی تعداد 1,15,942 ہے ۔ جملہ 1,14,073 مریض شفایاب ہوئے ہیں جن میں سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 4,611 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا ہے ۔ اس طرح ابھی تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 48.2 فیصد ہے جملہ مصدقہ کیسوں میں بیرونی شہری شامل ہیں ۔ وزارت نے کہا کہ مجموعی طور پر 45,24,317 سمپلس کی ابھی تک جانچ کی جاچکی ہے جن میں سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1,37,938 نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا ہے ۔ ملک میں مہاراشٹرا بدستور شدید متاثرہ ریاست ہے ۔ فوت ہونے والے مریضوں کی جملہ تعداد 6,642 میں سے 2,849 مہاراشٹرا سے تعلق رکھتے ہیں جس کے بعد گجرات ( 1190 ) ، دہلی ( 708 ) ہیں ۔ وزارت صحت نے ایک پہلو نمایاں کیا ہے کہ کورونا سے فوت ہونے والے زائد از 70 فیصد مریض دیگر کئی امراض میں بھی مبتلا تھے ۔ ۔