انڈیا کو گھمنڈیاکہنا ’بھارت جلا پارٹی‘ کے خوف کا نتیجہ:راجیو رنجن

   

پٹنہ: بی جے پی کو ‘ بھارت جلا پارٹی ’سے تشبیہ دیتے ہوئے جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری اور ترجمان راجیو رنجن نے آج کہا ہے کہ بی جے پی اپوزیشن جماعتوں کی باہمی یکجہتی سے بری طرح خوف زدہ ہے ۔ اپوزیشن اتحاد کا صحیح نام لینے میں بھی ان کوپریشانیاں ہو رہی ہیں۔ اس کے علاوہ نوجوانوں میں انڈیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت نے ان کی راتوں کی نیندیں حرام کردی ہیں، وہ کوئی حل تلاش نہیں کر پا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ انڈیاکا نام خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔بی جے پی کو یہ جان لینا چاہیے ۔ ان کی تمام کوششیں رائیگاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم بی جے پی کے کارناموں پر نظر ڈالیں تو‘بھارت جلاو پارٹی’ کا نام ان پر بہت اچھا لگتا ہے ، سماج کو توڑنے والی ان کی سیاست کی وجہ سے ہی آج منی پور سے لے کر ہریانہ تک لوگ جھلس رہے ہیں لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر پناہ گزین بن رہے ہیں۔ ملک میں دن دہاڑے خواتین کی عزتیں لوٹی جا رہی ہیں، صنعتیں اور کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں، بچے پڑھائی سے محروم ہو گئے ہیں۔ اکثریتی فرقہ پرستی کے نام پر اقلیتوں کو بے شرمی سے ڈرایا جا رہا ہے ۔ ان میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا گیا ہے ۔ ملک کے لیے میڈل جیتنے والی بیٹیوں کو بھی انصاف کے لیے دھرنے پر بیٹھنا پڑتا ہے ۔