نئی دہلی : ممنوعہ دہشت گرد تنظیم انڈین مجاہدین کے ممبران ہونے اور ملک میں 2007 کے بعد سے رونما ہونے والے بم دھماکوں کی مبینہ سازش رچنے کے الزامات کے تحت گرفتار دس ملزمین میں سے تین ملزمین کو پٹیالا ہاؤس سیشن عدالت کے جج شیلندر ملک نے مقدمہ سے ڈسچارج کردیا ۔ عدالت نے دفاعی وکلاء کی چارج فریم پر بحث کے بعد ملزمین عبدالوحید صدی بپا ، اریز خان اور منظر امام کو مقدمہ سے ڈسچارج کرتے ہوئے بقیہ ملزمین کے خلاف یو اے پی اے قانون کی دفعات 19,38,39 اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ قائم کئے جانے کا حکم جاری کیا ۔ملزم عبدالواحد صدی بپا کو جمعیت العلمائہند ( ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی نے قانونی امداد فراہم کی تھی ۔ ایڈوکیٹ ایم ایس خان نے ملزم عبدالواحد صدی بپا جس کا تعلق بھٹکل سے ہے کی جانب سے بحث کی تھی ۔