انڈیگو ایئرلائن میں ایک ہزار سے زیادہ خواتین پائلٹ

   

نئی دہلی۔ 7 مارچ (یو این آئی) نجی فضائی کمپنی انڈیگو نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک ہزار سے زیادہ خواتین پائلٹوں کے ساتھ ملک کی پہلی فضائی کمپنی بننے کا اعلان کیا ہے ۔ ایئرلائن کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ انڈیگو میں خواتین پائلٹس کی تعداد 17.5 فیصد ہے ، جو عالمی اوسط سے تین گنا سے بھی زیادہ ہے ۔کمپنی نے بتایا کہ وہ مختلف ذمہ داریوں میں مساوی مواقع کو فروغ دے رہی ہے اور مجموعی ورک فورس میں 45 فیصد سے زیادہ خواتین شامل ہیں۔ہوائی اڈہ آپریشنز میں 30 فیصد سے زیادہ، آپریشنل کنٹرول روم میں تقریباً 25 فیصد، فنانس شعبے میں 20 فیصد سے زیادہ، ڈیجیٹل شعبہ میں 15 فیصد سے زیادہ اور اعلیٰ انتظامیہ میں 23 فیصد سے زیادہ خواتین کام کر رہی ہیں۔انڈیگو کے ہیومن ریسورس کے گروپ ہیڈ سکھجیت سنگھ پسریچا نے کہا کہ ‘عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ انڈیگو میں اب ایک ہزار سے زیادہ خواتین پائلٹس موجود ہیں’۔ یہ کامیابی انڈیگو میں خواتین کی طاقت اور صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے ۔ جیسے جیسے ہم ملک کو ترقی دینے کے اپنے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں، ہم باصلاحیت خواتین کو آگے بڑھنے اور ہوا بازی کے مستقبل کو تشکیل دینے کیلئے مزید مواقع فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ انڈیگو نے سوشل میڈیا پر ایک خصوصی فلم بھی جاری کی ہے ، جس میں کمپنی کی خواتین ملازمین کو دکھایا گیا ہے ۔ ٹیک آف 2.0 پروگرام ان خواتین کی مدد کرتا ہے ، جو کیریئر میں وقفے کے بعد دوبارہ کام پر واپس آنا چاہتی ہیں۔