لندن ۔ انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آئے گی۔ یہ دورہ رواں سال اکتوبر کے مہینے میں ہوگا اور ویمن ٹیم مردوںکی ٹیم کے ساتھ ہی پاکستان آئے گی۔اس مشترکہ دورے کو غیرمعمولی قرار دیا جا رہا ہے۔دونوں ممالک کے کرکٹ سربراہان نے اس دورے کا اعلان کیا۔ 2005 سے برطانیہ کی کوئی بھی بین الاقوامی ٹیم پاکستان میں نہیں کھیلی۔2009 میں لاہور میں سری لنکائی ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان نے ایک دہا عالمی کھیلوں سے تنہائی میں کاٹا ہے۔ایان مورگن کی وائٹ بال ٹیم پہلے ہی کراچی میں 14 اور 15 اکتوبر کو دو ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے تیار ہے۔ اب برطانیہ کی خواتین کی کرکٹ ٹیم بھی ہیتھر نائٹ کی قیادت میں ایکشن میں نظر آئے گی۔برطانیہ کی خواتین کی کرکٹ ٹیم جو 50 اوور کے فارمیٹ میں عالمی فاتح ہے، کراچی میں قیام کرے گی۔ اپنے قیام کے دوران یہ تین میچوں کی ونڈے سیریز کھیلے گی، جو بالترتیب 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔