لندن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹسٹ اور تین ٹی20 انٹرنشنل میچوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹسٹ سیریز کا آغاز 5اگست کو مانچسٹر میں اولڈ ٹریفرڈ کے تاریخی میدان سے ہوگا، جبکہ دیگر دو میچز 13 اور 21 اگست کو ساؤتھ ایمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔کورونا وائرس کی وبا کے باعث بین الاقوامی کرکٹ کئی ماہ سے معطل ہے اورچہارشنبہ کو انگلینڈ کے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ میچ سے بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو رہی ہے۔ انگلینڈ ویسٹ انڈیز کے ساتھ تین ٹسٹ میچز کی سیریز کھیلے گا۔ حفاظتی اقدامات کے تحت یہ تمام میچز تماشائیوں کے بغیر میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔ٹسٹ سیریز کے بعد انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین ٹی20 میچوں پرمشتمل سیریز بھی مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا اور دوسرا میچ بالترتیب 28 اور 30 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائے ہوگا۔اس کے علاوہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان بھی ساؤتھ ایمپٹن میں تین ونڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کا پہلا میچ 30 جولائی، دوسرا یکم اگست جبکہ تیسرا چار اگست کو کھیلا جائے گا۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن نے کہا ہے کہ کورونا کے دوران حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے آئرلینڈ اور پاکستان کے مابین تین میچز کا ہونا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا ایک مرتبہ پھر بحال ہونا خاطر خواہ کوششوں اور مہارت کا نتیجہ ہے۔آسٹریلیا وائٹ بال کرکٹ دورہ اور انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کی ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی ممکنہ تاریخوں پر بھی بات چیت جاری ہے۔