منصوبہ بند حملہ کا انکشاف، خاطیوں کیخلاف مقدمات، مزید تحقیقات جاری
حیدرآباد۔ سرکاری اراضی پر غیر مجاز تعمیرات کے خلاف انہدامی کارروائی میں حملہ کا شکار انسپکٹر پولیس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ کل بلدیہ کی جانب سے پولیس کی نگرانی میں انہدامی کارروائی جاری تھی اس دوران غیر مجاز قابضین نے منصوبہ بند طریقہ سے حملہ کیا ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد سارے واقعہ کا خلاصہ کردیا اور چند افراد کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ۔جواہر نگر کے انسپکٹر پولیس بھکشا پتی اور کانسٹبل ارون پر کیروسین ڈال کر ان کا قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں پونم چند، نہال چند، شانتی دیوی ، نرمل، بالی سنگھ ، چنارام پٹیل، گیتا گوداوری ، یوگی کمل اور مدن کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ان کے علاوہ مقامی سیاسی قائدین شنکر اور شوبھا ریڈی کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور سارے واقعہ کی تحقیقات کی ذمہ داری اپل پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر لنگا سوامی کو دی گئی۔ جبکہ اس واقعہ کی تحقیقات اور سارے معاملہ کی نگرانی ڈی سی پی دکھشنا مورتی کریں گے۔ کل انہدامی کارروائی کے دوران سرکل انسپکٹر اور کانسٹبل زخمی ہوگئے تھے جو ایک خاتون کو انتہائی اقدام سے بچانے کی کوشش کررہے تھے تاہم ایسا نہیں تھا بلکہ غیر مجاز قابضین جو سرکاری اراضی پر تعمیرات کررہے تھے انہیں انہدامی کارروائی کا علم ہوگیا تھا اور منصوبہ بند طریقہ سے مرچ پاؤڈر ، پٹرول اور کیروسین کو بوتلوں میں تیار رکھا تھا جس کے تحت حملہ کیا گیا۔ انسپکٹر اور کانسٹبل کا علاج جاری ہے۔