اوباما نے تاحال کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار حمایت کا اعلان کیوں نہیں کیا؟

   

واشنگٹن : سابق امریکی صدر باراک اوباما نے تاحال ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان نہیں کیا۔ریپلکن پارٹی کی جانب سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی امیدوار نامزد کیا جا چکا ہے جبکہ ڈیموکریٹس کی جانب سے کملا ہیرس نے بھی صدارتی امیدوار کے لیے مطلوبہ حمایت حاصل کر لی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہونے کی توقع ہے اور حال ہی میں کیے گئے سرویز کے مطابق کملا ہیرس کو ڈونلڈ ٹرمپ پر معمولی سبقت حاصل ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کملا ہیرس کو ہرانا ان کے لیے جو بائیڈن سے زیادہ آسان ہو گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق باراک اوباما سمجھتے ہیں کہ ان کی جماعت ڈیموکریٹ کی ممکنہ صدارتی امیدوار کملا ہیرس ڈونلڈ ٹرمپ کو نہیں ہرا سکتیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے تاحال کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان نہیں کیا۔دوسری جانب ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ باراک اوباما بھی جلد کملا ہیرس کے نام کی توثیق کریں گے اور ممکنہ طور پر کملا ہیرس کی انتخابی مہم میں بھی شریک ہوں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جیو نیوز نے امریکی صدر جو بائیڈن کے صدارتی الیکشن سے دستبردار ہونے کی خبر امریکی و برطانوی خبر رساں اداروں سے پہلے ہی دے دی تھی جو بعد میں درست ثابت ہوئی تھی۔