آمدنی کے اعتبار سے مختلف ممالک میں سروے ، عصری فون کیلئے ہندوستان میں تقریباً ایک ہزار گھنٹے کام کی ضرورت
حیدرآباد ۔3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) موبائیل فون کے استعمال میں ہندوستان ترقی یافتہ ممالک کو پیچھے چھوڑ چکا ہے ۔ سماج کا ہر طبقہ اور ہر عمر کے افراد میں مہنگے موبائیل فونس کے استعمال کا رجحان دیکھا جارہا ہے ۔ گزشتہ سال سروے کے مطابق محنت کش طبقہ اور اوسط آمدنی والے افراد بھی آئی فون 17 کے استعمال میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ آئی فون 17 اور آئی فون 17 پرو میاکس کے حصول کیلئے ہندوستان میں تقریباً ایک ہزار گھنٹوں تک کام کرتے ہوئے فون کی خریدی کے لئے درکار رقم کا انتظام کرنا پڑسکتا ہے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ آئی فون 17 کیلئے ہندوستان میں 967 گھنٹے اور آئی فون 17 پرو میاکس کے لئے 1749 گھنٹے کام کرنا پڑے گا۔ ہندوستان میں فون کی قیمت تقریباً 939 امریکی ڈالر ہے۔ مہنگے اور عصری موبائیل فون کے استعمال کے معاملہ میں ویتنام کے عوام کو 598 اور 908 گھنٹے کام کرنا ہوگا۔ ترکیہ میں آئی فون 17 کیلئے 461 گھنٹے اور آئی فون 17 پرو میاکس کے لئے 709 گھنٹے کام کرتے ہوئے رقم کا انتظام کیا جاسکتا ہے۔برازیل ، میکسیکو کے مقابلہ پرتگال ، ہنگری ، ساؤتھ کوریا اور امریکہ میں عصری موبائیل فون کیلئے کام کے گھنٹوں کی تعداد کم ہے۔ امریکہ میں علی الترتیب 21 اور 31 گھنٹے کام کرتے ہوئے دونوں عصری آئی فون حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ چین میں محض 17 گھنٹے کام کرتے ہوئے آئی فون 17 حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ویتنام میں آئی فون کی قیمت 947 امریکی ڈالر ہے جبکہ ترکیہ میں اس کی قیمت 1885 ڈالر درج کی گئی۔ امریکہ میں 857 ڈالر اور چین میں 1003 ڈالر قیمت کا تعین کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ہندوستان میں آئی فونس کے حصول کیلئے اوسط آمدنی والے طبقہ کو زائد محنت کرنی پڑے گی۔ سروے کے مطابق ممالک کے درمیان آمدنی میں فرق کا بھی اظہار ہوتا ہے۔1