اولاد کی نافرمانی سے والدین ذہنی دباؤ کا شکار

   

ذہنی طور پر پریشان والدین کی مدد کے لیے عثمانیہ میڈیکل کالج طلبہ کا خصوصی پلیٹ فارم
جناب عامر علی خاں سے میڈیکوز کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : موجودہ ماحول میں والدین کے بارے میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ اکثر ذہنی دباؤ کا شکار ہیں خاص طور پر اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت ‘ ان کے مستقبل اور دنیا بھر میں انسانیت کے خلاف مظالم پر والدین چاہے وہ جوان ہو یا بوِڑھے ہوں انہیں گہری تشویش ہے نتیجہ میں وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں ۔ اس کے علاوہ اولاد کی نافرمانی بھی ایک وباء کی شکل اختیار کر گئی ہے ۔ حالانکہ تمام مذاہب میں ماں باپ کے احترام کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ۔ دین اسلام میں تو ماں باپ کی نافرمانی کرنے والی اولاد کو سخت تنبیہہ کرتے ہوئے حکم دیا گیا کہ اپنے ماں باپ کے ساتھ ’ اُف تک نہ کہو ‘ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے ایک نہیں دو نہیں بلکہ تین مرتبہ ارشاد فرمایا کہ تمہارے حسن سلوک کی حقدار تمہاری ماں ہے تمہاری ماں ہے تمہاری ماں پھر تمہارا باپ ۔ بہر حال تلنگانہ کے ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے اولین میڈیکل کالجس میں شامل عثمانیہ میڈیکل کالج حیدرآباد کے ایم بی بی ایس سال سوم کے 11 طالب علموں نے والدین کے ذہنی دباؤ کو دور کرنے ہندوستان میں اپنی طرز کا پہلا پلیٹ فارم قائم کیا اور ویب سائٹ لانچ کی جو اس طرح ہے parentalburnout.in ۔ اس ویب سائٹ کے ویزٹ کے ذریعہ ذہنی دباؤ کا شکار والدین ماہرین نفسیات سے ربط کر کے اپنے مسائل پیش کرتے ہوئے ان مسائل کے حل پاسکتے ہیں بالفاظ دیگر ان مسائل سے چھٹکارا پاسکتے ہیں ۔ اس غیر معمولی اور بامعنی پراجکٹ شروع کرنے والے ایم بی بی ایس کے طلبہ میں سے فیضان محمد شریف ، محمد نصر عارف اور پرتیک بوس نے دفتر سیاست پہنچ کر نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی ۔ جناب عامر علی خاں نے ان میڈیکوز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اولاد کی نافرمانی سے اکثر والدین پریشان ہیں ۔ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور ایک مرتبہ ذہنی دباؤ کا شکار ہونے کے بعد وہ ( والدین ) مختلف عوارض کا شکار ہوجاتے ہیں اس طرح ان کی زندگیاں پریشانیوں سے دوچار ہوجاتی ہیں ۔ اس کے برعکس فرمانبردار اولاد والدین کے ذہنی و قلبی سکون خوشحالی اور مطمئن زندگیوں کا باعث بنتی ہیں ۔ جناب عامر علی خاں نے ان میڈیکوز سے کہا کہ وہ لوگ بہت اچھا کام کررہے ہیں اور انہوں نے اپنی طرف سے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا ۔ واضح رہے کہ عثمانیہ میڈیکل کالج کے جن طلبہ نے یہ پراجکٹ یا پلیٹ فارم ڈاکٹر راجیوی کنلسٹنٹ سائیکاٹریسٹ ایم بی بی ایس ، ایم ڈی سائیکاٹری ( وہ انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی فیکلٹی بھی ہیں ) کی رہنمائی میں شروع کردہ اس پلیٹ فارم کے ضمن میں میڈیکوز کو ڈاکٹر مدھووشی ( کنسلٹنٹ سائیکاٹرسٹ یشودھا ہاسپٹل ) اور ڈاکٹر اُسیہ احمد وسیم کنسلٹنٹ سائیکاٹرسٹ کا غیر معمولی تعاون حاصل ہے ۔ اس انسانیت نواز پلیٹ فارم سے جڑے دیگر میڈیکوز میں شیخ محمد یوسف ، یویوتنوپوری ، طیبہ حسین ، نصرت ارم ، سوہا علی ، سیاتیکاسکدر ، سیدہ رمشہ ناز اور گوتمی شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ 10 ملکوں بشمول ہندوستان ، امریکہ ، سعودی عرب ، عمان ، متحدہ عرب امارات ، فرانس ، اسپین ، آسٹریلیا اور کینڈا میں والدین اس پلیٹ فارم سے استفادہ کررہے ہیں ۔ جناب عامر علی خاں نے ان سے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا ۔۔