اولمپکس کے اخراجات میں کمی کا فیصلہ

   

ٹوکیو۔ آئندہ سال ہونے والے ٹوکیو اولمپکس 2020 سے قبل ہونے والے نقصان کا ازالہ کے لیے اخراجات میں کمی اور وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اولمپکس کی سادہ افتتاحی تقریب منعقد ہو گی۔ منتظمین نے اخراجات پر قابو پانے کے لیے ایک منصوبہ بنایا ہے جس میں بینرز، میسکوٹ اور آتش بازی سمیت 50 مختلف طریقوں سے لاگت میں کمی کی جائے گی۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے نائب صدر جان کوٹس نے کہا کہ پیچیدگیوں اور التوا کے سبب آنے والی اضافی لاگت کے ساتھ ساتھ ایونٹ کے محفوظ طریقے سے انعقاد پر طاری بے یقینی کے باوجود منسوخی کا آپشن زیر غور نہیں۔ انہوں نے منتظمین اور ٹوکیو میں اولمپک حکام سے ملاقات کے بعد ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے لیے یہ کہنا آسان ہو گا کہ یہ ممکن نہیں لیکن ہم سب کا یہ خیال ہے کہ یہ ممکن ہے، ایسا ہونا ہی چاہیے کیونکہ ہم ایک نسل کے ایتھلیٹس کو ایسے نہیں چھوڑ سکتے۔ آفیشلز، میڈیا اور دیگر افراد کو اعزازی ٹکٹوں کی تعداد افتتاحی اور اختتامی تقریب کے لیے کم کردی جائے گی جبکہ ان تقاریب میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں گی۔