دورۂ گلبرگہ کے موقع پر چیرمین اکیڈیمی کو عزیزاللہ سرمست کی یادداشت
گلبرگہ۔ 21؍جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ اردو کے ادبا و شعرا ء کرناٹک اردو اکادمی کی مالی اعانت کے مستحق ہیں تو اردو اخبارات کے مدیران کیوں نہیں؟ سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست مدیر روزنامہ بہمنی نیوز گلبرگہ نے یہ سوال چیرمین کرناٹک اردو اکادمی مولانا مفتی محمد علی قاضی مصباحی سے کیا۔ عزیز اللہ سرمست نے چیرمین کرناٹک اردو اکادمی کے دورہ گلبرگہ کے موقع پر ان سے گلبرگہ کے رکن اکادمی ڈاکٹر انیس صدیقی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ریاست کرناٹک میں اردو اخبارات اور ان کے مدیران کو درپیش مسائل پر ان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست کے کنڑا اخبارات کو تین تین تحفظات زمروں کے تحت ماہانہ 2 صفحات کے سرکاری اشتہارات کی اجرائی کے علاوہ متعدد سرکاری مراعات و سہولیات حاصل ہیں لیکن اردو اخبارات سرکاری اشتہارات سرکاری مراعات و سہولیات سے محروم ہیں۔عزیز اللہ سرمست نے مزید کہا کہ اردو اخبارات کو صرف ریاستی حکومت ہی نہیں کرناٹک اردو اکادمی کے بشمول اردو کی تنظیمیں ادارے بھی یکسر نظر انداز کر رہے ہیں۔ مسلمانوں کے ووٹوں سے برسر اقتدار آنے والی کانگریس پارٹی کی جانب سے صرف کنڑا اخبارات کو اشتہارات جاری کئے جاتے ہیں اور کانگریس کے مسلم وزراء ارکان اسمبلی قائدین اردو اخبارات کے ساتھ پارٹی کے لسانی تعصب پر زبان کھولنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔چیرمین کرناٹک اردو اکادمی کی جانب سے اردو اخبارات کو اشتہارات کی اجرائی کیلئے اکاڈمی میں مالی گنجائش نہ ہونے کا عذر ظاہر کرنے پر عزیز اللہ سرمست نے اسے عذر لنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اردو کے ادبا و شعرا ء کے کتب کی اشاعت مشاعروں سیمیناروں اور دیگر پروگراموں کے انعقاد کیلئے کرناٹک اردو اکادمی کی جانب سے مالی اعانت کی جاتی ہے تو اردو اخبارات کو کیوں مالی اعانت نہیں دی جاسکتی۔ عزیز اللہ سرمست نے چیرمین کرناٹک اردو اکادمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالی دشواریوں کی وجہ سے کرناٹک میں اردو اخبارات کی اشاعت مسدود ہورہی ہے اور اردو اخبارات کی تعداد گھٹ کر صرف 12 ہوگئی ہے۔عزیز اللہ سرمست نے اردو اخبارات کو ماہانہ کم از کم ایک صفحہ کے اشتہار کی اجرائی کیلئے چیرمین کرناٹک اردو اکادمی مولانا مفتی محمد علی قاضی مصباحی اوررکن کرناٹک اردو اکادمی بنگلور انیس صدیقی کو یادداشت پیش کی۔ یادداشت میں اکادمی سے ریاست کے12اخبارات کو ماہانہ ایک صفحہ کا اشتہار جاری کرنے کے لئے درکار اندازاً تخمینہ بھی پیش کیا گیا ہے۔ چیر مین کرناٹک اردو اکادمی نے اکادمی سے اردو اخبارات کو اشتہارات کی اجرائی کے لئے مناسب کا رروائی کرنے کا عزیز اللہ سرمست کو تیقن دیا اور گلبرگہ کے رکن اکادمی ڈاکٹر انیس صدیقی کو اس سلسلہ میں ممکنہ اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر انجمن محبان اردو گلبرگہ کے عہدیداران اور دیگر موجود تھے۔