اُپل کرکٹ اسٹیڈیم سے اظہر الدین کا نام نہ ہٹایا جائے، تلنگانہ ہائی کورٹ کی حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کو ہدایت

   

حیدرآباد۔/30 اپریل ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کو راحت دی ہے۔ اُپل کرکٹ اسٹیڈیم کے نارتھ اسٹینڈ پر اظہر الدین کے نام کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ واضح رہے کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے معاون جسٹس ایشوریا نے حال ہی میں اسٹیڈیم کے نارتھ اسٹینڈ پر موجود اظہر الدین کے نام کو ہٹانے کی ہدایت دی تھی جس کے خلاف اظہر الدین ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔ عدالت نے فریقین کی سماعت کے بعد حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کو ہدایت دی کہ محمد اظہر الدین کے نام کو جوں کا توں برقرار رکھا جائے۔ عدالت نے کہا کہ قطعی فیصلہ صادر کرنے تک اس سلسلہ میں کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ محمد اظہر الدین جس وقت حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر تھے اسٹیڈیم کے نارتھ اسٹینڈ کو اُن کے نام سے رکھا گیا تھا۔ بعض گوشوں کی جانب سے اس سلسلہ میں جسٹس ایشوریا سے شکایت کی گئی اور انہوں نے اظہر الدین کا نام ہٹانے کی ہدایت دی تھی۔ تلنگانہ ہائی کورٹ سے اظہر الدین کو بڑی راحت ملی ہے۔1