36.03 لاکھ افراد اہل، 41.15 لاکھ افراد اہل نہیں
حیدرآباد۔ 28 اپریل (سیاست نیوز) حکومت نے پرجا پالنا کے ذریعہ موصول ہونے والی ’’اندرماں ہاؤزنگ اسکیم‘‘ کی اہل افراد کی فہرست تیار کی ہے۔ اس اسکیم کیلئے جملہ 77.18 لاکھ درخواستیں وصول ہوئیں، جن میں 36.03 لاکھ (46.3%) درخواستوں کو اہل قرار دیا گیا ہے جبکہ ماباقی 41.15 لاکھ (53.3%) افراد کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔ سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو اس اسکیم کیلئے اہل قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ ہاؤزنگ نے اہل اور نااہل امیدواروں کی تفصیلات L-1 ، L-2، L-3 کی فہرست تیار کی ہے جس کے تحت حکومت ہر سال ہر اسمبلی حلقہ کیلئے 3,500 مکانات منظور کرے گی جو جملہ 4 لاکھ 50 ہزار ہوں گے۔ اندرماں ایپ پر مکانات کے درخواستوں کی تفصیلات پیش کی گئی ہے۔ ایپ میں شامل رہنمایانہ خطوط کے مطابق تمام پہلوؤں سے کئے گئے سروے کے علاوہ درخواست دہندگان کو حکومت کی طرف سے کئے گئے گھریلو سروے کے ذریعہ L-1 ، L-2، L-3 میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ L-1 میں23.05 لاکھ، L-2 میں 31.44 لاکھ ، L-3 میں32.69 لاکھ درخواست گزار ہونے کی وضاحت کی گئی ہے۔L-1 کی فہرست میں ایسے درخواست گزار ہیں جن کے پاس ذاتی زمین تو ہے مگر گھر نہیں ہے۔ L-2 کی فہرست میں اراضیات اور مکانات میں رہنے والوں کو شامل کیا گیا ہے۔ L-3 کی فہرست میں سرکاری ملازمین، ذاتی گھر اور کار اور ٹیکس ادا کرنے والوں کو شامل کیا گیا ہے۔ دیہاتوں، اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور میونسپالٹی کے مطابق ہاؤزنگ ڈپارٹمنٹ نے L-3 فہرست میں 32.69 لاکھ افراد کی شناخت کی ہے۔ ایک اور فیلڈ تحقیقات کے بعد یہ تعداد41.15 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ قواعد کے مطابق L-3 میں شامل تمام افراد اندرماں مکانات کیلئے نااہل ہیں جبکہ L-1 فہرست میں 18.67 لاکھ افراد اور L-2 فہرست میں 17.36 لاکھ افراد اہل پائے گئے ہیں۔2