پرینکا ریڈی ہلاکت کیلئے حکومت ذمہ دار۔ کانگریس کور کمیٹی کا اجلاس، اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔30 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے بس کرایوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پیر کے دن ریاست کے تمام اضلاع میں کانگریس پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ پارٹی کی کور کمیٹی اور عہدیداروں کا اجلاس گاندھی بھون میں منعقد ہوا جس میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنٹیا کے علاوہ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق سی ایل پی لیڈر محمد علی شبیر، رکن کونسل جیون ریڈی، ورکنگ پریسڈنٹ کسم کمار، رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، رکن اسمبلی جگا ریڈی، سابق صدر پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا اور دوسروں نے شرکت کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے ویٹرنری ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے قتل کی مذمت کی اور کہاکہ ملک بھر میں اِس واقعہ نے سماج کو شرمسار کردیا ہے۔ پرینکا ریڈی کی ہلاکت کے لئے تلنگانہ حکومت ذمہ دار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس کی جانب سے لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے کیوں کہ حکومت نے شراب کی فروخت کو عام کردیا ہے۔ پرینکا ریڈی کے ارکان خاندان جب مدد کے لئے پولیس سے رجوع ہوئے تو عہدیداروں کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ رہا۔ رشتہ داروں کے مطابق پولیس نے والدین کے ساتھ بدزبانی کی۔ اُنھوں نے فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلاکر خاطیوں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ کل اتوار کو تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر پرینکا ریڈی کے قتل کے خلاف کینڈل مارچ نکالا جائے گا۔ اجلاس میں آر ٹی سی ہڑتال کا جائزہ لیا گیا۔ حکومت کی جانب سے 100 کروڑ روپئے کی اجرائی کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ہائیکورٹ میں حکومت نے رقم دینے سے انکار کیا تھا لیکن اب سیاسی فائدہ کے لئے 100 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ ہائیکورٹ کو اِس مسئلہ کا جائزہ لینا چاہئے۔ کانگریس پارٹی فی کیلو میٹر 20 پیسے کرایہ میں اضافہ کی مذمت کرتی ہے۔ حکومت کو نقصانات کی پابجائی کرنی چاہئے تھی۔ پیر کے دن تمام اضلاع میں کانگریس احتجاجی دھرنا منظم کرے گی۔ 14 ڈسمبر کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی نئی دہلی میں ریالی میں تلنگانہ سے 1200 قائدین شرکت کریں گے۔