نئی دہلی : ملک کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ ‘آزادی کا امرت مہوتسو’ جمعہ سے شروع ہورہا ہے جس میں گجرات میں 92 پروگراموں سمیت ملک کے گوشے گوشے میں 164 پروگرام ہوں گے ۔ اہم پروگرام احمدآباد کے سابرمتی آشرم میں ہوگا جس میں وزیراعظم نریندرمودی شریک ہوں گے ۔مرکزی وزیرثقافت پرہلاد سنگھ پٹیل نے آج یہاں پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ مسٹر پٹیل کل سابرمتی آشرم سے ناڈیاڈ تک 75 کلومیٹر کی پدیاتراکریں گے جو چار روز بعد 16 مارچ کو مکمل ہوگی۔مسٹر پٹیل نے بتایا کہ مسٹر مودی سابرمتی آشرم میں منعقدہ اہم پروگرام میں انڈیا ایٹ 75 کا علامتی نشان اور ویب سائٹ جاری کریں گے ۔ وہ ووکل فارلوکل کے لئے چرخا مہم، آتم نربھر انکیوبیٹر کا افتتاح کرنے کے بعد پدیاترا کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے ۔ اس میں 81 نوجوانوں کا ایک قافلہ سابرمتی سے دانڈی تک جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت ثقافت، ہندوستان کے محکمہ آثار قدیمہ سروے ، ریجنل کلچرل سنٹر اینڈ ٹرائفڈ ملک کی 36 ریاستوں اور مرکز کے زیراہتمام علاقوں کے 164 مقامات پر انڈیا ایٹ 75 کے مختلف پروگراموں کا انعقاد کرے گا۔ اس کے علاوہ 20 مقامات پر خصوصی پروگراموں کا انعقادکیا جائے گا۔
ان پروگرام کااہم انعقاد دہلی، شملہ، سیوان، پٹنہ، نیل گنج (مغربی بنگال)، جھانسی، لکھنئو، سارناتھ، جبل پور، پونے ، دیگ محل راجستھان، پوربندر، گوا، ویلور تمل ناڈو، تروپتی، سنکرم آندھراپردیش، ہمپی کرناٹک اور تریچور کیرالا، اروناچل پردیش میں پاسی گھاٹ، بارامولا اور سانبا (جمووکشمیر)، کارگل اور لیہ (لداخ)، گنگٹوک وغیرہ میں کیا جائے گا۔مسٹر پٹیل نے بتایا کہ اس پورے پروگرام کا خاکہ 20 ہفتے کی سخت محنت کے بعد تیارکیاگیا ہے ۔