آسٹریلیا:جنگلات میں لگی آگ بے قابو 48 کروڑ سے زائد جانور ہلاک

,

   

Ferty9 Clinic

سڈنی۔4جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ پر اب قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور یونیورسٹی آف سڈنی کے ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ اب تک اندازاً 48 کروڑ ممالیہ جانور، پرندے اور رینگنے والے جانور ہلاک ہوچکے ہیں۔ آسٹریلیا کے مشرقی علاقوں میں لگی جنگلاتی آگ خشک موسم اور بلند درجہ حرارت کے باعث مزید بھیانک شکل اختیار کر گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب صورتحال نئے سال کے موقع پر درپیش حالات سے زیادہ خراب ہو سکتی ہے۔ نئے سال کے آغاز پر جنگلاتی آگ کی وجہ سے ہزاروں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی تھی۔ حکام ملک کے مشرقی ساحلی علاقوں میں لگی اس بڑی آگ سے متعلق مسلسل انتباہ جاری کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں کے قریب بسنے والے افراد یہ علاقے چھوڑ دیں۔ آسٹریلوی حکام کے مطابق جنگلاتی آگ سے متاثرہ علاقے کے جنوبی حصے میں بادل گرج چمک رہے ہیں اور اندیشہ ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے مزید آگ بھڑک سکتی ہے۔آسٹریلیا کے مشرقی ساحل کے ساتھ موجود بیشمار گھر تباہ ہوگئے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوالا کی 30 فیصد آبادی ختم ہونے کا خدشہ بھی ہے۔