آپریشن وجئے کی 20 ویں سالگرہ، راج ناتھ سنگھ کے ہاتھوں ’’مشعل فتح‘‘ روشن

,

   

ملک کے گیارہ شہروں سے ’’مشعل فتح ‘‘ گزارنے کا منصوبہ

نئی دہلی۔15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ’’آپریشن وجئے‘‘ کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر اتوار کے روز ’’قومی جنگی یادگار‘‘ پر ’’مشعل فتح‘‘ روشن کی۔ فوج کے ایک ترجمان کے بیان کے بموجب اس ’’مشعل فتح‘‘ کو موٹر سائیکل سواروں کی ایک ٹیم گیارہ شہروں میں پھرائے گی اور آخر میں اس مشعل کو دراس کے مقام پر قائم ’’کارگل جنگی یادگار‘‘ کے ’’دائمی شعلہ‘‘ میں ضم کردیا جائے گا۔ ’’کارگل وجئے دیوس‘‘ ہر سال 26 جولائی کو کارگل کی جنگ میں اپنی جان کی قربانی دینے والوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ ’’میں فوج کے ان جوانوں کو شردھانجلی پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کردی۔ ’یوم فتح ‘‘ کے سلسلے میں نئی دہلی اور دراس میں کئی تقاریب منعقد کی گئیں۔ ان تقاریب میں سب سے اہم تقریب ’’مشعل فتح‘‘ کی نئی دہلی کے قومی جنگی یادگار‘‘ کے مقام سے دراس میں کارگل جنگی یادگار تک منتقلی ہے۔ اس طویل سفر میں جگہ جگہ فوجی شخصیات قوم کی سلامتی کے لیے جن ہیروئوں نے بہادری کے ساتھ جنگ لڑی انہیں خراج پیش کریں گے۔ یہ بات فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہی گئی۔ فوج کے ذرائع کے بموجب وزیر دفاع نے اس مشعل کو قومی یادگار پر ہندوستان کہ ماہر نشانہ باز صوبیدار جیتورائے کے حوالے کیا اس سے قبل فوج کے سربراہ بپن راوت نے اس مشعل کو روشن کیا۔ ’’مشعل فتح‘‘ کو ہندوستانی فوج کے فقیدالمثال اسپورٹس مین اور جنگی ہیروز سارے ملک میں لے کر پھریں گے۔ اس مشعل کو کانسے ، تانبے اور لکڑی سے بنایا جاتا ہے۔ یہ مشعل جنگی ہیروز کے پختہ حوصلے اور سخت جانی کی علامت تصور کی جاتی ہے۔ مشعل کا اوپری حصہ دھاتی ہوتا ہے جس پر ’’امرجوان‘‘ کندہ ہوتا ہے اور نچلے حصے میں 20 سنہری تحریریں کندہ ہوتی ہیں جس سے کارگل جنگ کے 20 عظیم الشان دنوں کی عظمت کو سراہا جاتا ہے۔