حیدرآباد۔ ملک کے مختلف مقامات پر کورونا کے ہاسپٹالوں میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ کے پیش نظر شہر حیدرآباد کے گاندھی ہاسپٹل جس کو متاثرین کا ایک بڑا مرکز بنایاگیا ہے میں تمثیلی ڈرل کی گئی۔سکندرآباد فائر آفیسرس کی جانب سے بیداری مہم کے حصہ کے طور پر یہ تمثیلی مشق انجام دی گئی جس میں فائر بریگیڈ کے ملازمین نے حصہ لیا۔ان عہدیداروں نے اس اہم ہاسپٹل میں آگ لگنے کی صورت میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی اور کاموں کی تمثیلی مشق انجام دی۔ساتھ ہی ہاسپٹل کے اسٹاف میں اس خصوص میں بیداری بھی چلائی گئی۔ان عہدیداروں نے واضح کیا کہ گرما کے موسم میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ عموما ہوتا ہے اسی لئے اس سلسلہ میں چوکسی کی سخت ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آگ معمولی ہونے کے دوران ہی اس پر قابو پانے کی کوشش کی جائے جس کیلئے ان عہدیداروں نے تمثیلی مظاہرہ کرتے ہوئے احاطہ میں معمولی آگ لگائی اور اس کو بجھانے کا کام بھی کیا۔اس موقع پر ان عہدیداروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بعض مقامات پر کوویڈ کے ہاسپٹالوں میں لگی آگ کے نتیجہ میں کئی اموات ہوئی ہیں۔اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ ان ہاسپٹالوں میں آگ بجھانے کے آلات مناسب طورپر کام نہیں کررہے تھے اور اس تعلق سے بیداری بھی پیدا نہیں کی گئی تھی۔حال ہی میں گاندھی اسپتال میں عارضی فائر اسٹیشن کا قیام عمل میں لایاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آگ کو سب سے پہلے دیکھنے والے ہاسپٹل کے اسٹاف ارکان جیسے نرسس، وارڈ بوائز اور سیکوریٹی اہلکار ہوتے ہیں اسی لئے ان میں اس تعلق سے بیداری پیدا کی گئی اور ان کو تربیت فراہم کی گئی تاکہ امکانی جانی و مالی نقصان کو روکا جاسکے ۔