اپل اسکائی واک وے کا سیاحتی مرکز کے طور پر استعمال

   

لفٹس اور ایکسیلیٹرس غیر کارکرد ، صرف تصویر کشی تک محدود
حیدرآباد۔28۔جون(سیاست نیوز) اپل چوارہے پر تعمیر کئے گئے 660 میٹر طویل واک وے کا استعمال سیاحتی مرکز کے طور پر کیا جانے لگا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے تعمیر کئے گئے اس اسکائی واک وے کو عوامی سہولت کے لئے تعمیر کیا گیا ہے جس کی تعمیر ابھی مکمل نہیں ہو پائی ہے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے تعمیر کئے گئے اس اسکائی واک وے کا دو یوم قبل وزیر بلدی نظم ونسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے افتتاح انجام دیا تھا لیکن یہ اب بھی مکمل طور پر تیار نہیں ہے کیونکہ اس اسکائی واک وے کے لفٹس میں محض ایک لفٹ کارکرد ہے جبکہ افتتاح کے بعد اب بھی 7 لفٹس اور 3ایسکیلیٹرس کارکرد نہیں ہیں۔ اس اسکائی واک وے میں جملہ 8 لفٹس لگائی گئی ہیں اور 4ایسکیلیٹرس ہیں جبکہ 6 سیڑھیاں موجود ہیں۔ دو شنبہ کو وزیر کی جانب سے اس اسکائی واک وے کے افتتاح کے بعد اتھاریٹی نے 27 جون سے اس اسکائی واک وے کو عوام کے لئے کھول دینے کا اعلان کیا تھا لیکن ایک لفٹ کے ساتھ کھولے گئے اس اسکائی واک وے کو عوام نے تفریحی مرکز کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا ہے اور کئی خاندان اس اسکائی وے کو دیکھنے کے لئے پہنچے ۔ اپل کے مصروف ترین چوراہے پر ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بنانے کے لئے تعمیر کئے گئے اس اسکائی واک وے نے اس علاقہ کی ٹریفک میں اضافہ کردیا ہے کیونکہ شہری اپنی کاروں میں پہنچ کر اس واک وے کے قریب کار پارک کرتے ہوئے اوپر جا رہے ہیں اور اوپر تصویر کشی اور تفریح میں مصروف دیکھے جا رہے ہیں۔ م