نئی دہلی: بی جے پی نے صدارتی الیکشن کیلئے کسی متفقہ نام پر مشاورت کا آج آغاز کردیا جبکہ سینئر پارٹی لیڈر راجناتھ سنگھ نے کئی اپوزیشن قائدین بشمول ملک ارجن کھرگے ، ممتابنرجی اور اکھلیش یادو سے بات کی ہے ۔ صبح میں شردپوار کو چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کے یہاں طلب کردہ اجلاس میں صدارتی امیدوار بنانے کی پیشکش کی گئی جسے صدر این سی پی نے قبول نہیں کیا اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی سرگرم سیاست میں خود کو فعال سمجھتے ہیں۔ ممتابنرجی نے 22 اپوزیشن پارٹیوں کو مدعو کرتے ہوئے ایجنڈا رکھا تھا کہ صدارتی الیکشن کے لیے اپوزیشن امیدوار کے نام پر غور و خوض کیا جائے۔ اس میٹنگ میں کسی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا ۔ تاہم نیشنل کانفرنس لیڈر فاروق عبداللہ اور سابق گورنر مغربی بنگال گوپال کرشن گاندھی کے نام تجویز کئے گئے ۔