اپوزیشن لیڈر راہول کا پہلا خطاب، قرآنی آیت کا حوالہ

   

بی جے پی کی جھوٹ، بزدلی اور تشدد کی سیاست پر شدید تنقید، لوک سبھا میں یادگار تقریر

حیدرآباد۔یکم۔جولائی (سیاست نیوز) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج لوک سبھا میں بہ حیثیت قائد اپوزیشن اپنی پہلی تہلکہ خیز تقریر کے دوران مختلف مذاہب کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے قرآنی آیت کا بھی حوالہ دیا۔ راہول گاندھی نے سورہ طہٰ کی آیت نمبر 46 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس آیت میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ’’اللہ نے فرمایا ‘ تم ڈرو نہیں ‘ بیشک میں تمہارے ساتھ ہوں،میں سن رہا ہوں اور دیکھ بھی رہا ہوں‘‘ قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے اپنے خطاب کے آخری حصہ میں کہا کہ ہماری تہذیب ہمیں یہ سکھاتی ہے جو تمام مذاہب کی تعلیمات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچائی ‘ حوصلہ اور عدم تشدد تمام مذاہب کی تعلیمات میں شامل ہے اور بی جے پی جھوٹ ‘ بزدلی اور تشدد کے سہارے ہے جبکہ اپوزیشن اتحاد اپنی تہذیب اور تمام مذاہب کی تعلیمات کے مطابق کام کر رہا ہے۔ انہو ںنے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ عوام میں خوف پیدا نہ کریں۔ راہول نے سورہ طہٰ کی آیت نمبر46 کا انگریزی ترجمہ پڑھتے ہوئے احکام الہٰی کا حوالہ دیا۔ راہول نے ایوان میں اسلام اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کا حوالہ دیا جس کا سوشل میڈیا پر ہندستانیوں کی جانب سے ان کی خوب پذیرائی ہورہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ خوف کے متعلق راہول نے تمام مذاہب کی تعلیمات کا باریکی سے مطالعہ کیا ہے۔ قائد اپوزیشن نے ایوان میں قرآن کی جس آیت کا حوالہ دیا ہے وہ سورہ طہٰ کی آیت ہے جس میں اللہ تعالیٰ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو ان کے بھائی کے ساتھ فرعون کے پاس اللہ کی نشانیاں لیکر جانے کے لئے کہتے ہیں اور دونوں عرض کرتے ہیں کہ اے ہمارے رب بیشک ہم اس بات سے ڈرتے ہیں کہ وہ (فرعون) ہم پر زیادتی کرے گا یا سرکشی سے پیش آئے گا۔ اللہ تعالیٰ اپنے پیغمبر اور ان کے بھائی سے کہتے ہیں کہ ’’تم ڈرو نہیں‘بیشک میں تمہارے ساتھ ہوں،میں سن رہا ہوں اور دیکھ بھی رہا ہوں‘‘۔راہول کی قائد اپوزیشن کی حیثیت سے 18ویں لوک سبھا میں کی گئی تقریر کو یادگار تقریر کہا جا رہاہے ۔3