نئی دہلی: کانگریس نے نیٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں پر ایک دن کی بحث کا مطالبہ کیا، لیکن لوک سبھا اسپیکر کی طرف سے کوئی یقین دہانی نہ ملنے کے بعد اپوزیشن اراکین ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث شروع ہونے سے پہلے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے مائیک بند کرنے کے الزامات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ الزام ہے کہ باہر جانے کے بعد مائیک بند کر دیا جاتا ہے۔ یہ درست نہیں ہے۔ اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے نیٹپر کسی دن بحث کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایک دن ایوان میں نیٹپر الگ سے بحث کی جائے۔ دو کروڑ نوجوانوں کو نقصان پہنچا۔ پچھلے سات سالوں میں 70بار پیپرز لیک ہوئے ہیں۔ یہ پارلیمنٹ پورے ملک کو پیغام دیتی ہے ، اس لیے ہم پارلیمنٹ سے ملک کے طلبہ کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس پارلیمنٹ کے لیے نیٹکا مسئلہ اہم ہے۔ راہول کو جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پورا ایوان جانتا ہے کہ ایوان کی کارروائی اصولوں اور طریقہ کار کی بنیاد پر چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے طویل پارلیمانی کیرئیر میں آج تک نہیں دیکھا کہ ایوان میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث شروع ہوئی ہو، اس وقت کسی اور موضوع پر بات ہوئی ہو، اس لیے وہ سب سے درخواست کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد راہول نے کہا کہ وہ وزیر دفاع سے متفق ہیں۔ جب اسپیکر نے بحث کیلئے یقین دہانی نہیں کرائی تو اپوزیشن ارکان نے واک آؤٹ کردیا۔