نئی دہلی: مختلف اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں نے اتوار کو مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس مہنگائی، فوج کی نئی بھرتی اسکیم ‘اگنی پتھ’ اور تحقیقاتی ایجنسیوں کے مبینہ غلط استعمال کے مسائل پر بحث کے لیے منعقد کیا جائے۔ اس کے ساتھ انہوں نے حکومت کی طرف سے بلائے گئے کل جماعتی اجلاس میں غیر پارلیمانی الفاظ کی فہرست پر بھی اعتراض کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈروں نے متفقہ طور پر مسلح افواج میں بھرتی کی ‘اگنی پتھ’ اسکیم کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا اور پیر سے شروع ہونے والے اجلاس میں مہنگائی اور معیشت کی حالت جیسے اہم موضوعات پر بحث کا مطالبہ کیا پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت تمام مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے میٹنگ میں پوچھا کہ 14 دنوں میں پارلیمنٹ کے اجلاس میں 32 بل کیسے پاس ہوں گے، جنہیں حکومت نے ایجنڈے میں رکھا ہے۔ انہوں نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ حکومت کیا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ایجنسیوں کے غلط استعمال سمیت 13 موضوعات کو اٹھایا۔