مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال بھی اہم موضوع: کانگریس۔ ہر مسئلہ پر بحث ہوگی : حکومت
نئی دہلی: پارلیمنٹ میں آج شروع ہوئے سرمائی اجلاس میں اپوزیشن مہنگائی، سرکاری ایجنسیوں کے غلط استعمال، بیروزگاری، کسانوں کے مسائل، ہندوستان۔ چین سرحد سمیت مختلف امور پر حکومت کو گھیرنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔یہ اجلاس گجرات اور ہماچل پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی سے ایک دن پہلے شروع ہورہا ہے۔ یہ سرمائی اجلاس 29 دسمبر تک جاری رہے گا۔ 23 دنوں میں کل 17 اجلاس ہوں گے۔ حکومت اس سیشن میں 16 نئے بل پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے اور ایوان میں 8 زیر التوا بلوں کی منظوری دی جا سکتی ہے ۔ اپوزیشن نے 23 روزہ اجلاس کیلئے مناسب وقت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ لوک سبھا میں ایوان کے ڈپٹی لیڈر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں کل پارلیمنٹ کی لائبریری بلڈنگ میں منعقدہ کل جماعتی میٹنگ میں اپوزیشن لیڈروں نے یہ تیور دکھائے ۔ حکومت کی جانب سے پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے یقین دلایا کہ حکومت ہر مسئلہ پر بحث کیلئے تیار ہے اور اس پر پارلیمانی مریادا اور نظم و ضبط کے ساتھ بات چیت کی جانی چاہیے ۔ جوشی کے علاوہ راجیہ سبھا کے لیڈر اور مرکزی وزیر پیوش گوئل، پارلیمانی امور کے وزیرمملکت ارجن رام میگھوال، وی مرلی دھرن میٹنگ میں موجود تھے ۔ ترنمول کانگریس کے سدیپ بندیوپادھیائے ، ڈیرک اوبرائن، ڈی ایم کے کے تروچی شیوا اور ٹی آر بالو، لوک جن شکتی پارٹی کے پشوپتی پارس، وندنا چوان، نیشنل کانفرنس کے ڈاکٹر فاروق عبداللہ، آسام گن پریشد کے ویریندر پرساد ویش اور سی پی آئی (ایم) کے وِنے وشرام شامل تھے ۔ کانگریس نے مہنگائی اور مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کے مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اپوزیشن کو مزید وقت دیا جانا چاہئے ۔ ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ حکومت کو ہندوؤں اور مسلمانوں کے تہواروں کے ساتھ ساتھ عیسائیوں کے تہواروں کا بھی خیال رکھنا چاہئے تھا اور پارلیمنٹ کے اجلاس کی تاریخ طے کرتے وقت کرسمس کے تہوار کا خیال رکھنا چاہئے تھا۔اس پر پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ کرسمس کا تہوار ویک اینڈ پر ہے اور اس وقت پارلیمنٹ بند رہتی ہے۔ بیجو جنتا دل نے خواتین ریزرویشن بل لانے کا مطالبہ کیا اور شیو سینا (شندے دھڑے ) کے ہیمنت پاٹل نے آبادی کنٹرول بل لانے کا مطالبہ کیا۔ وائی ایس آر کانگریس نے مہنگائی پر بحث کا مطالبہ کیا ہے اور شرومنی اکالی دل کی جانب سے ہرسمرت کور بادل نے پنجاب میں جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کے مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کیا ہے ۔