اپوزیشن کے الزامات کا منہ توڑ جواب دینے کانگریس ارکان کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت

   

لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس، ایوان کی کارروائی میں سرگرمی سے حصہ لینے کا مشورہ
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس ارکان اسمبلی اور کونسل کو ہدایت دی کہ دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کی تنقیدوں کا منہ توڑ جواب دیں اور حکومت کی 15 ماہ کی کارکردگی کو عوام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کریں۔ اسمبلی کے کمیٹی ہال میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزراء اور دونوں ایوانوں کے کانگریسی ارکان نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے ارکان کو اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں حکومت کے ایجنڈہ سے واقف کرایا اور کہا کہ ارکان کو ایوان کی کارروائی میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں ارکان پابندی سے شریک ہوں اور حکومت کی اسکیمات پر مباحث میں حصہ لیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس حکومت کیلئے یہ دوسرا مکمل بجٹ سیشن ہے اور جاریہ بجٹ اجلاس حکومت کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ گذشتہ 15 ماہ کے دوران عوامی حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں ان پر مباحث کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات پر کامیاب عمل آوری اپوزیشن پارٹیوں کو برداشت نہیں ہے لہذا وہ اسکیمات کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈہ کررہے ہیں۔ دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کے الزامات کا کانگریسی ارکان کو سختی کے ساتھ جواب دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اجلاسوں میں پابندی سے شرکت کریں اور مکمل ڈسپلن کی پابندی کی جائے۔ چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی سے کہا کہ وہ سوشیل میڈیا پر متحرک رہیں اور حکومت کی اسکیمات اور فیصلوں سے عوام کو واقف کرائیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ عنقریب ضلع واری سطح کے ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مسائل کی سماعت کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت بجٹ سیشن میں بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد تحفظات اور ایس سی زمرہ بندی کے حق میں بلز پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کے لئے دونوں بلز پر مباحث میں ارکان کو حصہ لینا چاہیئے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ دونوں ایوانوں کی کارروائی میں سرگرمی سے حصہ لیں اور اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیں۔1