اچھی صحت کی برقراری کے لیے روزانہ چہل قدمی ضروری

   

چند کیلو میٹر کے چلنے پھرنے سے خون کو منجمد ہونے سے روکتا ہے ، امراض قلب اور دیگر امراض سے بچاؤ ممکن
حیدرآباد۔ 12۔مارچ(سیاست نیوز) صحتمند زندگی گذارنے کے لئے ضروری ہے کہ معمولی ورزش کو زندگی کا لازمی حصہ بنایاجائے کیونکہ روزانہ چند منٹوں کی چہل قدمی خون کو منجمد ہونے سے محفوظ رکھنے میں بے حد معاون ثابت ہوتی ہے اسی لئے ہر عمر کے افراد کو روزانہ کم ازکم چند کیلو میٹر پیدل چلنے کی عادت ڈالنی چاہئے تاکہ خون میں پیدا ہونے والے گاڑھے پن اور اس سے ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔امراض قلب یا دماغ کی شریانوں میں خون منجمد ہونے کے واقعات میں ہونے والے اضافہ کو روکا جاسکتا ہے بشرطیکہ نوجوان اور 40سال سے زیادہ عمر کے افراد یومیہ چہل قدمی کو اپنے معمولات زندگی میں شامل کرلیں تاکہ خون میں پیدا ہونے والے گاڑھے پن سے حفاظت ہو اور جسم میں حرارت برقرار رہے۔جسم میں حرارت برقرار رکھنے اور خون کے دوران کو معمول کے مطابق رکھنے کی صورت میں صحت کو بہتر رکھا جاسکتا ہے۔ماہرین امراض قلب و دماغ کے علاوہ جنرل فزیشنس کا کہناہے کہ اگر انسانی زندگی میں خون کی گرمی اور مسلسل حرکات و سکنات کے سبب پیدا ہونے والی حرارت باقی رہتی ہے تو ایسی صورت میں خون منجمد ہونیکا خدشہ نہیں رہنا اور دماغ کی شریانوں اور قلب پر حملہ کے واقعات کی بنیادی وجوہات خون منجمد ہونا اور خون کا گاڑھا پن ہی ہے اسی لئے اگر ہر عمر کے افراد روزانہ چہل قدمی کو معمولات زندگی میں شامل کرتے ہوئے اگر ہلکی پھلکی ورزش کرلیتے ہیں تو ایسی صورت میں انہیں قلب پر حملہ اور دماغ کی شریانوں میں خون جمع ہونے کی شکایات کو 60تا70 فیصدتک کم کیا جاسکتا ہے۔ماہر اطباء کا کہناہے کہ اگر نوجوانوں میں وقت پر کھانے اور سونے کی عادت ڈال لیتے ہیں اور خصوصی طور پر رات کے کھانے کے دوران احتیاط کی صورت میں بھی کئی بیماریوں سے نجات حاصل ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹرس کے مطابق رات کے کھانے کے بعد اگر چہل قدمی نہیں کی جاتی ہے اور سیدھے بستر پر چلے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ہاضمہ کی کئی شکایات کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل پیدا ہونے لگتے ہیں لیکن اگر چہل قدمی کو معمولات میں شامل کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں امراض شکم دور ہونے لگتے ہیں اور خون گاڑھا ہونا بھی بند ہوجاتا ہے جس کے نتیجہ میں امراض قلب یا دماغی شریانوں میں خون جمع ہونے کی شکایات باقی نہیں رہتی۔صبح کی اولین ساعتوں میں چہل قدمی کے علاوہ گھریلو کام کاج کے دوران کی جانے والی چہل قدمی انسانی صحت کو بہتر رکھنے میں بے انتہاء معاون ثابت ہوتی ہے۔3