واشنگٹن : امریکی کمپنی ایلف ایروناٹکس نے ایک جدید اڑنے والی کار کے پروٹوٹائپ کی نقاب کشائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دنیا کی پہلی حقیقی فلائنگ کار ہے۔اب تک مارکیٹ میں دستیاب زیادہ تر اڑنے والی گاڑیاں ہیلی کاپٹروں جیسی دکھائی دیتی ہیں، لیکن ایلف ایروناٹکس کا یہ نیا ماڈل ایک روایتی کار کی طرح نظر آتا ہے۔یہ کار عمودی طور پر ٹیک آف اور لینڈنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، بالکل ویسے جیسے ڈرونز یا ہیلی کاپٹرز۔ اس کا مطلب ہے کہ اسے لمبے رن وے کی ضرورت نہیں بلکہ یہ بآسانی کسی بھی محدود جگہ سے اڑ سکتی ہے۔یہ جدید فلائنگ کار سڑک پر ایک عام گاڑی کی طرح چل سکتی ہے، لیکن جیسے ہی ٹریفک جام ہو، یہ کار عام گاڑیوں کے اوپر سے سیدھا ٹیک آف کرسکتی ہے، جس سے رش اور تاخیر سے بچا جاسکتا ہے۔ یہ گاڑی فی الحال ایک مسافر کیلئے ڈیزائن کی گئی ہے اور کم رفتار والی گاڑی کے طور پررجسٹرڈ ہے۔