اکبر اویسی کا ساتھی ارکان کے ساتھ اسمبلی سے واک آؤٹ

   

وقفہ سوالات کے اچانک التواء پر ناراضگی، یہ گاندھی بھون نہیں اسمبلی ہے
حیدرآباد 17 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں مجلس کے فلور لیڈر اکبرالدین اویسی نے پارٹی ارکان کے ساتھ بطور احتجاج ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ وقفہ سوالات کے دوران اُن کے سوال کو شامل نہ کرنے پر برہم اکبر اویسی نے حکومت پر غیر جمہوری انداز اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ وقفہ سوالات میں سرکاری احکامات کی اجرائی سے متعلق اکبر اویسی کا سوال موجود تھا۔ اسپیکر پرساد کمار نے صبح 10 تا 11 بجے تک وقفہ سوالات جاری رکھنے کا اعلان کیا اور 11.30 بجے تک 5 سوالات کے جوابات دیئے گئے جس کے بعد اسپیکر نے باقی سوالات کے التواء کے بجائے اُن کے جوابات دیئے جانے کا اعلان کیا۔ وقفہ سوالات کے اختتام کے ساتھ ہی اکبر اویسی نے سخت اعتراض کیا اور کہاکہ اُن کے سوال کو ملتوی کیا جانا چاہئے تھا۔ اُنھوں نے شکایت کی کہ اُن کی جانب سے داخل کئے گئے سوال کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ اُنھوں نے شکایت کی کہ اسمبلی ایجنڈہ اُنھیں رات دیر گئے موصول ہورہا ہے جس کے نتیجہ میں تیاری میں دشواری پیش آرہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق میں فلور لیڈرس کو تمام سوالات کے جوابات روانہ کرنے کی روایت تھی جسے ختم کردیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایوان میں نئی نئی روایات متعارف کی جارہی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مجلسی ارکان روزے میں رہتے ہوئے پابندی سے ایوان کی کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں لیکن حکومت کا غیر جمہوری رویہ افسوسناک ہے۔ واک آؤٹ سے قبل اکبر اویسی نے ریمارک کیاکہ یہ گاندھی بھون نہیں ہے بلکہ اسمبلی ہے۔ اسمبلی کو اسمبلی کی طرح چلائیں گاندھی بھون کی طرح نہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت ایوان کو جمہوری انداز میں چلانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ اسپیکر پرساد کمار نے اکبر اویسی کو تیقن دیا کہ اُن کے سوال کو کل وقفہ سوالات میں شامل کیا جائے گا لیکن اکبر اویسی نے ساتھی ارکان کے ساتھ ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ 1