پٹرول فی لیٹر 7 روپئے 71 پیسے ‘ ڈیزل 12 روپئے 43 پیسے مہنگا ہوا
حیدرآباد۔31اکٹوبر(سیاست نیوز) اکٹوبر کے دوران تلنگانہ میں پٹرول قیمتوں میں 10 مرتبہ اضافہ کیا گیا اور مجموعی اعتبار سے قیمت میں 7روپئے 71 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 12روپئے 43پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے شہریوں میں بے چینی پیدا ہونے لگی ہے کیونکہ روزآنہ اضافہ کے منفی اثرات شہری اپنی جیب پر محسوس کرنے لگے ہیں۔ شہر میں آج پٹرول کی قیمت 113 روپئے 71 پیسے تک پہنچ چکی ہے اور ڈیزل کی قیمت 106.98 روپئے ہے۔ 21 اکٹوبر سے 31 اکٹوبر کے دوران شہر پٹرول کی قیمتوں میں 2.89روپئے کا اضافہ کیا گیا جبکہ ڈیزل کی قیمتو ںمیں 10یوم کے دوران 3.04 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ دونوں شہروں میں پٹرول کی قیمتوںمیں اضافہ سے متعلق کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان نہیں ہے بلکہ آئندہ 15یوم میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہی ہوگا۔ یکم اکٹوبر کو شہر میں پٹرول کی قیمت 106روپئے تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت 98.39 روپئے فی لیٹر ریکارڈ تھی لیکن 31 اکٹوبر کو پٹرول کی قیمت 113.71روپئے فی لیٹر رہی جبکہ ڈیزل کی قیمت106.98 روپئے فی لیٹر ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ پٹرول پمپس ڈیلرس اسوسیشن کے ذمہ داروں نے بتایا کہ آئندہ دنوں کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتو ںمیں کمی کے کوئی امکانات نہیں ہیں بلکہ قیمتو ںمیں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔
