اگربتی صنعت کا یوروپ سے 450 کروڑ روپئے کا کاروبار

   

ہندوستانی اکسپورٹرس کو چین اور ویتنام سے سخت مسابقت
نئی دہلی ۔ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں تیار ہونے والی اگربتی اپنی خوشبو اور معیار کے لحاظ سے ساری دنیا میں مشہور ہے۔ یوروپی ملکوں میں ہندوستانی اگربتی کی کافی طلب ہے۔ اگربتی کے ذریعہ ماحول میں خوشبو بکھیری جاتی ہے۔ بزنس اسٹانڈرڈ میں ایک رپورٹ آئی ہے جس میں بتایا گیا کہ اگربتی کے ہندوستانی برآمد کنندگان بہت جلد اپنا مال یوروپی بازاروں کیلئے روانہ کرسکتے ہیں۔ ان میں اٹلی کی مارکٹس بھی شامل ہیں اور اس کیلئے انہیں اگربتی کے پیاکٹس پر مناسب لیب چسپاں کرنا ہوگا اور بتانا ہوگا کہ ان اگربتیوں کی تیاری میں مضرت رساں کیمیائی مادوں یا اجزاء و عناصر کا استعمال نہیں کیا گیا۔ واضح رہیکہ اس سے قبل اٹلی کے کسٹمز حکام نے بڑی مقدار میں ہندوستانی اگربتی کے کنسائنمنٹ یا کھیپ کو یہ کہتے ہوئے ضبط کرلیا تھا کہ اس کی تیاری میں مقررہ حد سے زیادہ مضرت رساں کیمیکلس استعمال کئے گئے ہیں۔ اس مسئلہ کو فوری ہندوستانی وزارت کامرس و انڈسٹری اور اس کے وزیر سریش پربھو سے رجوع کیا گیا۔ انہوں نے اطالوی حکام کے ساتھ اس مسئلہ پر نہ صرف تبادلہ خیال کیا بلکہ مسئلہ کو حل بھی کروایا ۔ سریش پربھو کے نام لکھے گئے مکتوب میں ہندوستان میں متعین اطالوی سفیر لورنیزو اینجی لونی نے بتایا کہ ہمارے سفارتخانہ نے اٹلی میں متعلقہ حکام سے ربط پیدا کرتے ہوئے ہندوستانی اگربتی کے اکسپورٹ پر پیدا شدہ مسئلہ حل کروایا چونکہ اٹلی یوروپی یونین کا ایک رکن ملک ہے اس لئے ہندوستان سے اگربتی کی درآمد پر عائد پابندی کا تمام یوروپی ممالک پر اطلاق ہوتا ہے۔