نئی دہلی : کورونا کے کم ہوتے ہوئے کیسزکے درمیان ایک نئے خدشے نے تشویش پیدا کردی ہے۔ ماہرین کے مطابق اکتوبر میں ملک میں کورونا کی تیسری لہر کا امکان ہے، وزارت داخلہ کی ہدایات پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این آئی ڈی ایم) کی جانب سے ایک رپورٹ تیار کی گئی ہے، جس میں تیسری لہر کے اکتوبر میں ہونے کی قیاس آرائیاں کی جا ری ہیں۔اس رپورٹ میں تیسری لہر کے دوران بچوں کے بارے میں زیادہ محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ملک میں ویکسی نیشن کی رفتار میں اضافہ نہ کیا گیا تو تیسری لہر میں متاثرہ افراد کی تعداد یومیہ6 لاکھ پہنچ سکتی ہے۔ یہ رپورٹ این آئی ڈی ایم نے ماہرین سے بات چیت کے بعد تیار کی ہے اور اس میں کورونا کے پھیلاؤ سے متعلق پہلوؤں اور روک تھام کے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیسری لہر کے دوران بچوں کے بارے میں زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے اور بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگانے پر توجہ دینی ہوگی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دیگر بیماریوں میں مبتلا بچوں کو ترجیح دینی ہوگی، نیز اساتذہ، اسکول سٹاف کی ویکسی نیشن کو لازمی بنانا ہوگا۔رپورٹ میں یہ بھی ہے کہ ہاسپٹلس بچوں کی دیکھ بھال کے لیے تیار رہنا چاہئے۔