اگنی ویر اہلیتی امتحان میں خاتون امیدواروں کی کثیر تعداد

   

شمال مشرقی خطہ میں اگنی ویر اسکیم سے استفادہ کیلئے جوش و خروش
نئی دہلی: ہندوستانی فوج میں اگنی ویر کے ذریعہ کی جانے والی بھرتی کے لیے نئے متعارف کروائے گئے نظام نے شمال مشرقی خطے میں امیدواروں کی ایک بڑی تعداد دیکھی ہے، جس میں اس بار خواتین امیدواروں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ایک اہلکار نے منگل کو بتایا۔ ہندوستانی فوج نے پہلے قدم کے طور پر کمپیوٹر پر مبنی آن لائن کامن انٹرنس امتحان (سی ای ای) کو متعارف کرانے کے ساتھ اس بار اگنی وروں کی بھرتی کے طریقہ کار میں تبدیلی کی ہے۔ گوہاٹی میں آرمی پی آر او، لیفٹیننٹ کرنل مہیندر راوت نے کہا پہلے مرحلے کے طور پر آن لائن داخلہ امتحان کے نئے بھرتی طریقہ کار نے آسام اور اروناچل پردیش کے نوجوانوں کو راغب کیا ہے۔ خواتین امیدواروں سمیت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے اس سال اگنی ویر کے امتحان میں شرکت کی ہے۔ اہل رجسٹرڈ امیدواروں کے لیے آن لائن سی ای ای کا آغاز 17 اپریل کو 176 مقامات پر 375 امتحانی مراکز پر ہوا اور چہارشنبہ تک جاری رہے گا۔ شمال مشرق میں امتحانات 14 شہروں کے 26 مراکز پر منعقد کیے جا رہے ہیں ۔ اروناچل پردیش میں نہرلاگون؛ آسام میں ڈبروگڑھ، گوہاٹی، جورہاٹ، سلچر اور تیز پور؛ منی پور میں امپھال، اکھرول، اور چورا چند پور؛ میگھالیہ میں شیلانگ؛ میزورم میں ایزول؛ ناگالینڈ میں دیما پور اور کوہیما؛ اور تریپورہ میں اگرتلہ امتحانی مراکز ہیں۔ راوت نے مزید کہا کہ بہتر تکنیکی حد کے ساتھ، تبدیل شدہ طریقہ کار انتخاب کے دوران علمی پہلو پر زیادہ توجہ کو یقینی بنائے گا اور بھرتی ریلیوں کے دوران نظر آنے والے بڑے ہجوم کو کم کرے گا تاکہ ان کو زیادہ قابل انتظام اور منظم کرنا آسان ہو۔